ناقص حکمت عملی حادثات و سانحات کو جنم دیتی ہے۔ امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں باراتیوں کی بس پر بجلی کی ہائی ٹینشن تار گرنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ ناقص اقدامات و حکمت عملی ہمیشہ حادثات و سانحات کو جنم دیتی ہے جبکہ ہائی ٹینشن تار کا بس پر گرجانا ناقص حکمت عملی اور قوانین پر عدم عملدرآمد کا ثبوت ہے۔

جس نے کئی گھروں کے چراغ بجھادیئے اور درجنوں گھروں سے ان کے کفیل چھین لئے ہیں اسلئے اس واقعہ کے ذمہ داران کے ساتھ ناقص حکمت عملی و پلاننگ کرنے والوں کو بھی احتساب کے دائرے میں لانا چاہئے امیر پٹی نے کہا کہ سیاستدانوں کی مفادپرستی اور ناقص حکمت عملی کے باعث توانائی بحران شدت اختیار کرچکا ہے لوڈ شیڈنگ عام اور بجلی نایاب ہے اور تاریں گرنے سے ہلاکتوں کے واقعات روزمرہ کا معمول ہیں۔

مگر سسٹم کی اوور ہالنگ و بہتری کے اقدامات کی بجائے صرف بجلی کے نرخوں میں اضافے کے ذریعے کمیشن کمانے اور تجوریاں بھر نے پر توجہ دی جارہی ہے اور اب پھر عوام پر بجلی کے نرخوں میں اضافے کا مہنگائی بم گراکر عوام سے زندہ درگور کرنے کی سازش کی جارہی ہے جس کی روشن پاکستان پارٹی بھرپور مذمت کرتی ہے۔

بجلی کے نرخوں میں اضافے کی تجویز کو مسترد کرتی ہے اور اگر حکومت نے اس تجویز پر عملدرآمد کی کوشش کی تو اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔