مثبت تنقید کا خیر مقدم کرتا ہوں ، مزدور معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی ہیں : بلاول بھٹو

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

اسلام آباد (جیوڈیسک) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مثبت تنقید کا خیر مقدم کرتا ہوں جو بہتری لانے کا اچھا طریقہ ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن پر ملک کے پسینہ بہانے والے مزدور اور کسان طبقے کو ان کی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ محنت کش طبقہ ریاست، قوم، معیشت اور معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کو محنت کش طبقے کی اہم حمایت حاصل رہی ہے اور ماضی میں پیپلزپارٹی نے کسانوں اور مزدوروں سمیت ملک کے تمام مزدور طبقات کے حقوق کیلئے بے مثال جدوجہد کی ہے، ہماری پارٹی سمجھتی ہے۔

متحرک، باشعور اور محنتی مزدور قومی ترقی کی پیش رفت کے لیے اہم ہیں، یوم مئی سے فقط دو دن قبل پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کی جانب سے ’’سندھ ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس ( ترمیمی) بل 2016‘‘ اور’’ سندھ بانڈلیبر سسٹم( ایبالیشن) بل 2015‘‘ منظور کرنے سے پیپلزپارٹی کی مزدور طبقے سے رفاقت کی شدت ظاہر ہوتی ہے۔

انہوں نے ٹریڈ یونینز ،مزدور رہنمائوں اور کارکنان کو کھلی دعوت دی ہے کہ وہ ملک میں مزدور طبقے کے حقیقی حقوق حاصل کرنے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی جدو جہد اور کاوشوں میں شامل ہو جائیں۔آن لائن کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری 10 مئی کو آزاد کشمیر کے ضلع باغ کا دورہ کریں گے اور انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔