تین ستمبر کو پوری قوت سے نواز شریف سے ٹکراوں گا: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 3 ستمبر کوطاقت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کو ریلی میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہاپوری طاقت کیساتھ لاہور سے ٹکرائیں گے ، عوام کا سمندر سڑکوں پر لاکر دکھاؤں گا۔ پانامالیکس کے ایشو کو نواز شریف لمبا کھینچ رہے ہیں۔

وزیراعظم کے خلاف آج سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کررہے ہیں،جس ملک کا سربراہ کرپٹ ہو اس کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، حکومت کو الطاف کے خلاف برطانیہ سے رابطہ کر کے جیل میں بھجوانا چاہئے ،لاہور پولیس (ن) لیگ کا مسلح عسکری ونگ بن چکی ہے ،اندرون شہر رینجرز سے آپریشن کرایا جائے حکومت کو الطاف کے خلاف برطانیہ سے رابطہ کر کے اسے جیل میں بھجوانا چاہئے۔ لاہور میں ایم پی اے شعیب صدیقی کے ظہرانے اور 3 ستمبرکی ریلی کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں اجلاس کے بعد گفتگو کرتے عمران نے کہاکہ جمہوریت کا درس دینے والوں کو پتہ ہونا چاہئے سیاسی جماعتیں جمہور کے پاس ہی جاتی ہیں۔ تحریک انصاف 3 ستمبر کو پوری طاقت سے لاہور آئے گی اور عوام کا سمندر نکالیں گے۔

مسلم لیگ (ن) والے سیاسی مخالفین کے خلاف تمام اداروں کو استعمال کرتے ہیں۔ 3 ستمبر کو پتہ چل جائیگا تحریک انصاف کے ساتھ کتنے لوگ کھڑے ہیں۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے سب کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا، عمران نے کہاکہ پنجاب کا 56 فیصد بجٹ لاہور پر لگا دیا گیا اور باقی صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ سپریم کورٹ میں ٹھوس ثبوت پیش کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ مودی کی بھی تقریر اتنی زہریلی نہیں تھی جتنی الطاف حسین نے پاکستان کیخلاف کی۔ جب تک نواز شریف سے جواب نہیں لیں گے تحریک احتساب رکے گی نہیں۔ ریلی میں آپ کو اگلا لائحہ عمل بتاﺅں گا۔ اگر وزیراعظم بچ گئے تو اداروں کی اہمیت ختم ہو جائے گی۔ دریں اثناءعمران خان نے ق لیگ کے رہنما چودھری شجاعت کو فون کر کے ریلی میں شرکت کی دعوت دی جس پر انہوں نے کہا کہ مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔