اقتدار ملا تو بے روزگاروں کو وظیفے، غریب بچوں کو مفت تعلیم دیں گے: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

منڈی بہاؤالدین (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 21 سال سے میرا مقابلہ مافیا سے ہے، سیاست دان اور مافیا میں بڑا فرق ہوتا ہے، مافیا اربوں روپے بیرون ملک لے کر گیا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عزیر بلوچ کے انکشافات سے متعلق جے آئی ٹی کی رپورٹ پبلک کی جائے، کہتے ہیں عزیر بلوچ نے کہا زرداری کے کہنے پر لوگوں کا قتل کیا، عزیر بلوچ نے کہا کہ قیادت کے کہنے پر بینظیر قتل کیس کے گواہ خالد شہنشاہ کو قتل کیا، کیا سیاست دان لوگوں کے قتل کراتے ہیں؟

عمران خان نے کہا کہ جب کسی سے بھیک مانگیں گے تو عزت نہیں رہے گی، قوم کی تباہی معاشی طور پر ہوتی ہے، قرض دینے والا ہماری آزادی لے لے گا لیکن ہم کسی صورت اپنی آزادی نہیں جانے دیں گے، دونوں پرانی جماعتوں کے سربراہ میر جعفر اور میر صادق ہیں، ان کا سب کچھ باہر ہے، کاروبار بھی باہر ہے، حکومت ملی تو ایف بی آر اور نیب کو ٹھیک کروں گا، کرپشن اور منی لانڈنگ رک گئی اور ٹیکسوں کا نظام درست ہو گیا تو ملک کی غربت دور ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو بے روزگار نوجوانوں کو وظیفہ دیں گے، غریبوں کے بچوں کو مفت تعلیم دیں گے اور علاج معالجے کی سہولیات بھی مفت فراہم کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جتنا نقصان مافیا نے پہنچایا اتنا دشمن بھی نہیں پہنچا سکتا تھا، قرضوں کیوجہ سے مہنگائی بڑھتی ہے، قرضوں کی قسطیں واپس کرنے پر ٹیکسز لگائے جاتے ہیں، نواز اور زرداری نے بہت ظلم کیا، نواز شریف اور زرداری پاکستان کیا کرنے آتے ہیں؟ نواز شریف کے بچے بھی باہر ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بولے چار ہزار ارب روپیہ کرپشن کیوجہ سے ہر سال چوری ہوتا ہے، ایک ہزار ارب منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک جاتا ہے، ان کا سب کچھ باہر اور کاروبار بھی باہر ہے، پاکستان کو خرچے کم کر کے آمدن بڑھانا ہو گی، وعدہ کرتا ہوں کہ ملک کی آمدن بڑھا کر دکھاؤں گا، واحد آدمی ہوں جو ہر سال پاکستان سے اربوں روپے اکٹھے کرتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ سارا بوجھ عوام پر ہے، ہر چیز پر ٹیکس لگا کر عوام پر ڈال دیا جاتا ہے، ڈیزل پر ٹیکس عوام کو دینا پڑتا ہے، پچھلے پانچ سال میں رائے ونڈ محل کی سکیورٹی پر 700 کروڑ روپیہ صرف ہوا ہے جبکہ شوکت خانم ہسپتال پشاور صرف 400 کروڑ روپے میں بنا ہے، ان کی حفاظت کیلئے اڑھائی ہزار پولیس اہلکار رائے ونڈ میں تعینات ہیں، شہباز شریف بالی ووڈ چلا جائے تو بڑا ولن بن سکتا ہے۔

خطاب کے آخر میں انہوں نے عوام سے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کیلئے تیار ہو اور عوام کی جانب سے انہیں اثبات میں جواب دیا گیا۔