اقتدار کی منتقلی : ٹرمپ کی نگراں ٹیم میں 3 بچے اور داماد شامل

Trump

Trump

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے نائب مائیک پینس اور ان کے زیر قیادت ٹیم کو وہائٹ ہاؤس میں اقتدار کی منتقلی کی نگرانی کرنے کی ذمے داری سونپی ہے۔ ٹرمپ نے اس سلسلے میں پینس کو ریاست نیوجرسی کے گورنر کرس کرسٹی پر ترجیح دی ہے۔ ٹرمپ کی انتخابی مہم کا کہنا ہے کہ کرسٹی منتقلی کی نگراں ٹیم کے نائب سربراہ رہیں گے۔

مذکورہ اعلان سے قبل نیویارک میں ٹرمپ کی رہائش گاہ پر ان کے معاونین کا ایک اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 20 جنوری 2017 کو ٹرمپ کے سرکاری طور پر صدارت سنبھالنے کے بعد 4000 اسامیوں میں سے بعض پر ہونے والی تقرریوں کے لیے امیدواروں کا جائزہ لیا گیا۔ ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی پانچ میں سے تین اولادیں اور ایک داماد انتقال اقتدار کی کارروائی کی نگرانی میں معاونت کریں گے۔

ٹرمپ کی مہم کے قریبی ذرائع کے مطابق ریپبلکن پارٹی میں قومی کمیٹی کے چیئرمین رینس پریبس وہائٹ ہاؤس میں سینئر اہل کار کا منصب سنبھالنے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی مہم کے چیف ایگزیکٹو اسٹیفن بینن کا نام بھی مذکورہ منصب کے لیے زیر غور ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے نسبتا امیدواروں کا ایک چھوٹا مجموعہ ہے اس لیے کہ بہت سے ریپبلکنز نے انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ کی نسل پرستی پر مبنی تقاریر کی مذمت کی تھی اور ٹرمپ کے بعض مواقف پارٹی کے روایتی رجحان کے مخالف ہیں۔