پیپلز پارٹی مڈٹرم انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے: منظور وٹو

Manzoor Wattoo

Manzoor Wattoo

لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی سپریم جوڈیشل کمیشن کے ذریعے مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ یہ بات پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے گزشتہ روز سیالکوٹ میں سیلاب متاثرین میں امدادی اشیاتقسیم کرنے کے بعد ڈویژنل اور ضلعی صدور اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میاں منظور احمد وٹو نے مزید کہا کہ سپریم جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ دونوں پارٹیوں کو تسلیم کرنی چاہیے اگر دھاندلی ثابت ہو جائے تو پھر وزیراعظم کے استعفیٰ میں ایک دن بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ پی ایم ایل (ن) سے حکومت سنبھالی نہیں جا رہی جبکہ انکے پاس دو تہائی اکثریت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر سیاسی حالات مڈٹرم انتخابات کی طرف جاتے ہیں تو پیپلز پارٹی اسکے لیے بھی پوری طرح تیار ہے ۔پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت اسکے تنظیمی امور کو آخری شکل دے رہی ہے جو اگلے 2 مہینوں میں مکمل ہوجائیگی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی بہتری کیلئے اقدامات کرے۔