پیپلز پارٹی کی جانب سے عوام کو حج کے اخراجات میں تعاون کا بل پیش کرنا انتہائی مستحسن اقدام ہے، مفتی محمد نعیم

Mufti Muhammad Naeem

Mufti Muhammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے عوام کو حج کے اخراجات میں تعاون کا بل پیش کرناانتہائی مستحسن اقدام ہے ،بل کی منظوری سے لاکھوں عوام کو حج کی ادائیگی میں سہولت کے ساتھ حکومت کیلئے صدقہ جاریہ اورنیک شگون ثابت ہوگا۔

سندھ حکومت کا منارٹی پروٹیکشن اور مدارس رجسٹریشن کے حوالے سے قانون سازی پر علماء سے مشاورت نہ کرنا افسوسناک ہے۔ منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ مدارس رجسٹریشن اور منارٹی پروٹیکشن بل 2015کے حوالے سے سندھ حکومت نے علماء سے مشاورت نہیں کی مذہبی معاملات میں قانون سازی سے قبل حکومت کو علماء سے مشاورت کرنی چاہیے کیونکہ یہ اسلامی ریاست ہے۔

اس میں کوئی بھی ایسا قانون قابل قبول نہیں جو قرآن وحدیث سے متصادم ہو، منارٹی پروٹیکشن بل میں بہت سی خامیاں تھی جس کی نشاندھی ہم نے میڈیا کے ذریعے حکومت سے کی تھی اس کے باوجود کوئی توجہ نہیں دی گئی،انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے عوام کو حج کے اخراجات کے تعاون کا بل پیش کرنا انتہائی مستحسن اقدام ہے اور یہ ایک اچھی روایت ہے۔

مغربی ممالک امریکا ویورپ میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے عوام کو مکمل ریلیف فراہم کیاجاتاہے اور سرکار اس موقع پر عوام کے ساتھ مکمل تعاون کرتی ہے ،ہم سمجھتے ہیں پیپلزپارٹی کا یہ بل پیش کرنا اچھی روایت قائم کرنے کے ساتھ لاکھوں حج سے محروم ملک کے باسوں کی حکومت کو دعائیں بھی ملیں گی اور اللہ کی رحمت سے ملک خوشحالی کی طرف گامزن ہوگا۔