بارگاہ سرور کوین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نو کروڑ درود پاک کا نذرانہ

گجرات کھاریاں: حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صرف سید الرسل ہی نہیں بلکہ ”خلیفة اللہ علی الارض” کے عظیم منصب پر فائز ہیں۔ اللہ کریم نے آپ کو اتنی شانین عطا فرمائی ہیں جو کسی کی کوشش سے کم ہوہی نہیں سکتیں۔ رب ذوالجلال کی بندگی، رسول اللہ کی محبت واطاعت اور قرآن مجید ودرود پاک کی کثرت اہل اللہ کی نشانیاں ہیں۔ محبوب رب العالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ عالی مرتب میں نو کروڑ درود پاک کا نذرانہ پیش کرنے کی تقریب سے پیر محمد عثمان افضل قادری کا روح پرور خطاب۔

غلامان رسول کی بہت بڑی تعداد نے کئی مہینوں کی محنت سے یہ تعداد مکمل کی۔ اجتماعی دعا میں حاضرین اور خصوصا ملک وملت کی سلامتی اور استحکام کیلئے خاص دعائیں کی گئیں۔ تقریب کے انتظامات پیر سید زین العابدین شاہ کی سربراہی میں کئے گئے تھے۔ پیر عثمان افضل قادری نے مزید کہا کہ درود وسلام حصول خیروبرکت کا ذریعہ اور حکم خداوندی کی تعمیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ درود والے پاکستان بنانے والے اور اسلام اور پاکستان کے محافظ ہیں۔ علاوہ ازیں گجرات میں بھی پیر محمد عثمان افضل قادری کی زیرصدارت خوبصورت محفل سجائی گئی جس میں قراء عظام نے تلاوت قرآن مجید اور ثناء خوان حضرات نے ہدیہ عقیدت بحضور سرور کونینۖ پیش کیا۔ اس موقع پر دینی وروحانی تربیت، وعظ ونصیحت اور ذکر واذکار کے ساتھ اجتماعی دعا کی گئی۔ محفل کے انتظامات چوہدری اسجد میراں، رضوان بٹ کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے کئے تھے۔

Mehfil Naat

Mehfil Naat