صدر ممنون نے ترک مسلح افواج کے سربراہ کو نشان امتیاز عطا کر دیا

President Mamnoon and Turkish Armed Forces Chief

President Mamnoon and Turkish Armed Forces Chief

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں ترکی کے سفیر برائے پاکستان سیکریٹری دفاع، جنرل راحیل شریف اور جنرل راشد محمود نے شرکت کی۔ جنرل ہلوسی اکار کو یہ اعزاز ان کی پاکستان اور ترکی کی مسلح افواج کے درمیان تزویراتی تعلقات کو مضبوط کرنے کی شاندار خدمات پر دیا گیا۔ صدر نے ترک جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں نشان امتیاز (ملٹری) ملنے پر مبارکباد دی اور دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے پر ان کی تعریف کی۔

صدر مملکت نے ترکی میں حالیہ خود کش حملوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپریشن ضرب عضب جاری ہے اور مکمل کامیابی تک جاری رہے گا۔ صدر ممنو ن حسین نے کہا کہ پاکستان اور ترکی مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے زور دیا کہ دفاع کے شعبے میں دونوں ملکوں میں تعلقات مزید مضبوط ہونے چاہیں۔

صدر مملکت نے ترکی کے صدر طیب اردگان کے جمہوری اقدامات کی تعریف بھی کی۔ صدر مملکت نے افغانستان میں استحکام اور امن لانے کی سہ فریقی کوششوں میں ترکی کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہش مند ہے۔ جنرل ہلوسی آکار نے نشان امتیاز ( ملٹری) عطا کرنے پر صدر مملکت اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مستقبل میں مضبوط تر ہوں گے۔