صدراوباما کا اسکول طالبعلموں کی ہلاکت پر آنسو بہانا ڈرامہ تھا، امریکی ٹی وی کا دعویٰ

President Obama

President Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی ٹی وی فوکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے صدر بارک اوباما نے گن کنٹرول وائلنس کی تقریب کے دوران شرکا کے جذبات ابھارنے کے لئے آنسو بہائے لیکن اس کے لئے انہوں نے آنسو بہانے والے پیاز کے عرق کا استعمال کیا۔

اوباما کی آنکھوں سے ٹپکتے غیرحقیقی آنسوؤں کا انکشاف اس وقت ہوا کہ جب فاکس نیوز کی خاتون صحافی اندریا ٹینٹروز نے اس کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے بتایا کہ صدر اوباما نے گن وائلنس کی تقریب کے دوران اسکول کے بچوں کی ہلاکتوں کا جب ذکر کیا تو ان کی آنکھیں بھر آنا غیرحقیقی اس لئے تھا کہ انہوں نے پیاز کے عرق کا استعمال کیا تھا جس کی وجہ سے ان کے آنسو بہہ گئے اور شرکا جذباتی ہوگئے جب کہ ان کے جذبات قابل یقین بھی نہیں تھے کیوں کہ ان کے آبائی علاقے شکاگو میں اس قسم کے واقعات آئے روزہوتے رہتے ہیں۔

دوسری جانب صدراوباما کے آنسو بہانے والی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پربے حد پسند کیا گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد نے اسکول کے بچوں کی ہلاکت پر باراک اوباما کے بہتے آنسوؤں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا۔ واضح رہے کہ 2012 میں سینڈی ہوک ایلیمنٹری اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں 20 بچے اور عملے کے 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔