صدارتی انتخابات میں کامیابی پر شہباز شریف کی ترک صدر کو مبارکباد

Shahbaz Sharif - Rajab Tayyip Erdogan

Shahbaz Sharif – Rajab Tayyip Erdogan

لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ترک صدر رجب طیب اردگان کو ایک بار پھر صدر منتخب ہونے پرترکش زبان میں مبارکباد دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر اپنے پیغام میں رجب طیب اردگان کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر ترکش زبان میں مبارکباد پیش کی ہے۔

شہبازشریف نے جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کی انتخابات میں کامیابی پر ترک صدر اور وزیراعظم بن علی یلدرم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترکی ایک غیرمعمولی تبدیلی سے گزر رہا ہے اور جی 20 کلب میں اس کی شمولیت اس کی اقتصادی صلاحیت کی بڑھتی ہوئی علامت ہے۔

ترکی کے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدر رجب طیب اردگان صدارتی انتخابات پہلے مرحلے میں جیت گئے ہیں انہیں 53 فیصد ووٹ ملے ہیں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات کے علاوہ ملک میں پارلیمانی انتخاب بھی ہوئے اور اب تک گنے گئے 96 فیصد ووٹوں میں رجب طیب اردگان کی اے کے پارٹی 43 فیصد ووٹوں سے آگے ہے جبکہ محرم انسے کی پارٹی سی پی ایچ کے پاس 23 فیصد ووٹ ہیں۔

واضح رہے کہ صدراتی انتخاب میں کامیابی کے بعد رجب طیب اردگان دوسری مرتبہ پانچ سال کے لیے صدر منتخب ہوگئے۔