پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال ( 2016-17) 31 مارچ بروز جمعرات کو ہونگے

Election

Election

فیصل آباد: پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال( 2016-17) 31 مارچ بروز جمعرات کوہونگے ،پریس کلب کے تمام عدالتی و قانونی معاملات کوپس پشت ڈالتے ہوئے ادارے کے وسیع تر مفاد اور صحافی اتحاد کیلئے فریقین نے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا ہے،پریس کلب کے مختلف اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں کونظر انداز کر کے باہمی اتفاق رائے سے تمام کونسل ممبران کی ممبر شپ برقرار رکھی گئی ہے۔

سیکرٹری پریس کلب طاہر محمود خالق نے 11 جولائی 2015 اور اس کے بعد ہونے والے تمام معاملات کو پریس کلب کی بہتری ،تعمیر و ترقی اور اتحاد کیلئے رضا کارانہ طور پر ختم کر نے کا اعلان کردیا ہے ،سیکرٹری پریس کلب کے مطابق کونسل ممبران کی نظر ثانی 197،بحال ہونے والے 9جبکہ 53نئے کونسل ممبران کی لسٹ جاری کردی گئی ہے،جس کے مطابق سالانہ انتخابات برائے ( 2016-17)میں 259 کونسل ممبران اپنا رائے حق دہی استعمال کرینگے، پریس کلب کے 307ایسوسی ایٹ ممبران کی بھی لسٹ کا اجراء کردیا گیا ہے ،31مارچ کو صدر ،نائب صدر ،سیکرٹری ،فنانس سیکرٹری اور گورننگ باڈی کی 11نشستوں پر پولنگ صبح 9بجے سے شام 5بجے تک پریس کلب کے ہال میں ہوگی۔

پریس کلب کی پرانی لسٹ میں موجود اخباری مالکان کو آخری موقع دیا گیا ہے کہ وہ کلب کی کس کیٹگری میں ممبر شپ رکھنے کے خواہاں ہیں اگر انہوںنے اپنی اخباری مالکیت ختم نہ کی تو انہیں آنے والی منتخب باڈی فی الفور ایسوسی ایٹ ممبر بنا دے گی ،الیکشن کمیٹی 18 مارچ بروز جمعتہ المبارک کی شام سالانہ انتخابات کے لیے شیڈول جاری کریگی ،تفصیلات کے مطابق 31 مارچ بروز جمعرات کو فیصل آباد پریس کلب کے انتخابات برائے سال ( 2016-17) کے سلسلہ میں کونسل و ایسوسی ایٹ ممبران کی لسٹیں جاری کردی گئیں ہیں ،کونسل ممبران کی لسٹ میں 197 نظرثانی ،9 بحال ہونے والے جبکہ 53 نئے کارکن صحافیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

سابقہ انتخابات کی لسٹ میں 4افراد کو بیرون ملک اور شہر سے باہر پیشہ وارانہ سرگرمیوں میں مصروف ہونے کی بنا پر کونسل سے ایسوسی ایٹ کردیا گیا ہے ،اس طرح 201 کونسل ممبران میں سے 197 افراد کو دوبارہ ممبر شپ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے ،پریس کلب کے سابقہ انتخابات میں 20 میں سے 9 سینئر صحافیوں کو اتفاق رائے سے دوبارہ کونسل ممبر شپ دی گئی ،پہلے مرحلے میں صدر شاہد علی اور سیکرٹری طاہر محمود خالق نے پریس کلب کے عہدیداروں ،ممبران گورننگ باڈی ،سینئر ممبران کی مشاورت سے لسٹوں کا تبادلہ کیا۔

جس پر کئی روز تک بحث ہوئی ،پریس کلب کی ممبر شپ کے لیے 258 درخواستیں موصول ہوئیں ،کسی بھی طرف سے کسی کارکن صحافی کو ممبر شپ دینے کی مخالفت نہیں ہوئی جن ورکنگ جنرنلسٹوں پر کونسل ممبر شپ دینے پر اتفاق نہیں ہوا انہیں ایسوسی ایٹ ممبر شپ دے دی گئی ہے ،صدر شاہد علی کے مطابق الیکشن کمیٹی کے اراکین میاں بشیر اعجاز ،ساجد خان اور نعیم شاکر کو برقرار رکھنے کا کہا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں سیکرٹری طاہر محمود خالق نے سینئر ممبران کی مشاورت کے بعد خالد عباس سیف ،ساجد علیم اور سردار اختر کے نام دئیے ہیں اس اہم معاملے پر اتفاق رائے کیلئے تمام ممبران کو اپنا مثبت رول ادا کرنا چاہیے۔

فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق نے ایک سال کے دوران پریس کلب کی آمد ن واخراجات کی تفصیل کلب کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ پریس کلب کی تمام آمد ن و اخراجات کو ممبران کے سامنے 2 سے 3 روز میں لایا جائے گا ،یاد رہے کہ ہائی کورٹ میں 2007 سے زیر سماعت رجسٹریشن کے حوالے سے کیس میں صدر و سیکرٹری پریس کلب نے ادارے کی وسیع تر مفاد کیلئے تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کر سیکرٹری انڈسٹری (حکومت پنجاب )کے دفتر میں ہونے والی بحث میں بھر پور حصہ لیا اس اہم معاملے میں لیگل ایڈوائزرعاصم شیخ ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے فیصل آباد پریس کلب کے صدر و سیکرٹری کی بھرپور معاونت کی۔