گزشتہ روز ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ میں مجلس منتظمہ ڈی پی سی کا اجلاس زیر صدارت مہر ارشد حفیظ سمرا منعقد ہوا

Press Club, Layyah,Meeting

Press Club, Layyah,Meeting

لیہ (رانا عبدالرب) گزشتہ روز ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ میں مجلس منتظمہ ڈی پی سی کا اجلاس زیر صدارت مہر ارشد حفیظ سمرا منعقد ہوا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد رانا خالد محمود شوق جنرل سیکرٹری ڈی پی سی لیہ نے نعت رسول مقبول یہ نام محمد کا صدقہ ہے آقا۔ میں بھر بھر جھولی لیے جارہا ہوں پیش کرتے ہوئے اجلاس کو گلہائے عقیدت سے مہکا دیا۔

مہر ارشد حفیظ صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب (رجسٹرڈ)لیہ نے عہدیداران ڈی پی سی لیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع لیہ میں صحافت کے فروغ کیلئے ڈسٹرکٹ پریس کلب کلیدی کردار ادا کر رہا ہے نئے آنے والے صحافیوں کی مناسب تربیت عصر حاضر کا تقاضا ہے اس لئے صحافیوں کو صحافت کے اصول وضوابط و اسرار رموز سے آگاہ رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب نے عہدیداران سے کہا کہ ضلع بھر کے صحافیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے اور ضلع بھر کے صحافیوں کی معتبر ترین تنظیم کے وقار کی سر بلندی کیلئے متحد ہو کر بھرپور انداز میں جدوجہد کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عہدیداران ڈسٹرکٹ پریس کلب میں اپنی روزانہ کی بنیاد پر حاضری یقینی بنائیں تاکہ ڈسٹرکٹ پریس کلب کی تعمیر وترقی میں کردار ادا کیا جا سکے دوران اجلاس رانا خالد محمود شوق جنرل سیکرٹری نے اہم معاملہ کی نشاندہی کرتے ہوئے عہدیداران کو بتایا کہ ضلع بھر میں زرد صحافت کی شکایات موصول ہوئی ہیں ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کو موصول ہونے والی شکایات میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ میں سائیکل اسٹینڈ کے نام پر صحافت کی آڑ میں بھتہ خوری ۔ڈی سی او لیہ کے نام پر 17 لاکھ مالیتی چیک بٹورنے ڈی پی او لیہ کے نام پر مقدمہ کے اندارج کیلئے 25 ہزار کی رقم ہتھیانے سمیت گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج لیہ سے 20 ہزار بھتہ کے مطالبہ کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

ایسے عناصر کی وجہ سے ضلع بھر کے سرکاری ،پرائیویٹ اور عوامی حلقوں میں صحافت کا وقار مجروح ہو رہا ہے اس لئے ایسے افراد کا محاسبہ کیا جانا چاہیے ۔فیض محمد بھلر فنانس سیکرٹری نے کہا کہ اراکین ڈسٹرکٹ پریس ماہانہ چندہ کی ادائیگی سے گریز کرتے ہیں اس لئے چندہ ادائیگی یقینی بنانے کیلئے سخت ہدایات دی جائیں اور ماہانہ چندہ کی عدم ادائیگی پر آئین کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے ۔اجلاس میں رانا عبدالرب پریس سیکرٹری نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پریس کلب کی طرف سے جاری کردہ مضامین وخبروں کو بروقت شائع کرانے بارے اقدامات عمل میں لائے جائیں ۔عبداللہ نظامی جوائنٹ سیکرٹری نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ ضلع بھر کے صحافیوں کی متفقہ معتبر تنظیم ہے یہ ملک کا واحد پریس کلب ہے جہاں نہ صرف شہر بلکہ ضلع بھر کے صحافیوں کو نمائندگی حاصل ہے اس لئے ضلع بھر کے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور صحافیوں کے فلاح وبہبود کی ذمہ داری بھی اس تنظیم پر عائد ہوتی ہے کوٹ سلطان پریس کلب کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے اس لئے کوٹ سلطان پریس کو فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے بارے اقدامات اٹھائے جائیں ۔رانا ریاض راجو نے نشاندہی کی کہ شہر میں متعدد افراد جن کا صحافت سے دور دور کا تعلق نہ ہے انہوں نے موٹر سائیکلوں اور موٹر گاڑیوں پر بڑی بڑی پریس کی پلیٹس آویزاں کر رکھی ہیں ایسے عناصر کے خلاف بھی قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

اجلاس میں رانا خالد محمود شوق جنرل سیکرٹری نے مطالبہ کیا کہ ایسے اراکین ڈسٹرکٹ پریس کلب جن پر زرد صحافت میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں صدر آئین کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے ان اراکین کی رکنیت منسوخ کر دیں تاکہ ڈسٹرکٹ پریس کلب کے وقار کو بلند رکھا جا سکے ۔مہر ارشد حفیظ صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ نے زرد صحافت میں مبینہ طور پر ملوث دو اراکین ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کو جواب طلبی کے نوٹسز جاری کر دیئے۔

صدر ڈی پی سی لیہ نے ہفتہ کے سات روز میں سے 6 دن صبح 11 بجے سے سہہ پہر 5 بجے تک ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ میں عہدیداران کو پابند رہنے بارے بھی ہدایات جاری کر دیں تاکہ صحافیوں سے متعلقہ شکایات کا فوری ازالہ اور آنے والے سائلان کی بروقت داد رسی کو یقینی بنایا جا سکے اجلاس میں سید یوسف حسنین نقوی چیئرمین مجلس عاملہ نے خصوصی طور پر شرکت کی جس کے بعد ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کی مجلس منتظمہ کا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔