ماضی کی حکومتیں جواب دیں ، ملک کو اندھیروں میں کیوں دھکیلا ؟: نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

فیصل آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے صرف بجلی کا بحران ختم نہیں کر رہے ، سستی بجلی دینا بھی مقصد ہے ۔ صرف سڑکوں کا جال نہیں بچھا رہے ، عام آدمی کا معیار زندگی بھی بہتر کر رہے ہیں ، قربانیاں دے کر کراچی کا امن بحال کر دیا، عام آدمی کو تعلیم ، صحت ، صاف پانی فراہم کریں گے۔

وزیراعظم نوازشریف نے فیصل آباد کے نجی سیکٹر میں چالیس میگاواٹ کے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر کا افتتاح کیا ۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاور پلانٹس ملک کے کونے کونے میں بن رہے ہیں۔ دوہزار اٹھارہ میں لوڈشیڈنگ ختم ہو گی اور بجلی سستی ہو گی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا ماضی کی حکومتیں جواب دیں ، ملک کو اندھیروں میں کیوں دھکیلا ؟ وزیراعظم نوازشریف نےسوال کیا وہ ملک بھر میں موٹرویز کا جال بچھا رہے ہیں ، ماضی کی حکومتیں جواب دیں ، موٹرویز بنانے کا عمل کیوں روکا ؟

وزیراعظم نے خسارے کا شکار قومی ایئرلائن اور ریلوے کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا اورساتھ ہی مسافروں کو بھی تنبیہ کرنا نہ بھولے ۔ نوازشریف نے کراچی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہرقائد اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا ، دہشت گردی کو ختم کر کے دم لیں گے۔

انہوں نے عام آدمی کے لیے صحت ، تعلیم اور صاف پانی کے فراہمی کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا ۔ وزیراعظم نواز شریف نے برآمدات میں اضافے کے لیے کاروباری طبقے کو یقین دہانی کرائی کہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کریں گے۔