جھنگ کی خبریں 15/10/2016

Jhang News

Jhang News

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایات پر عالمی یوم سفید چھڑی بھرپور انداز میں منانے کے لئے محکمہ سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال کے زیر اہتمام سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں ایک خصوصی سیمینار منعقد ہوا۔جس میں اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس جوئیہ ،چیئر مین ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کونسل شیخ نواز اکرم،ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر اظہر عباس عادل ،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، روٹری کلب جھنگ سینٹرل سے میاں نجیب افضل اورفرینڈز آف بلائنڈ سنٹر سے چوہدری وحید اختر،ڈی او لیبر امان اللہ خان ڈب،چیئر مین بیت المال کمیٹی ریاض حسین عشرت،چیئر مین زکوة کمیٹی عابدہ بشیر،نابینا مردوخواتین اور مختلف سماجی تنظیموں کے اراکین، عوامی نمائندگان اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دیگرافراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس جوئیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نابینا افراد کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں جس کے تحت ان کیلئے سرکاری ملازمت میں کوٹہ دو سے بڑھا کر تین فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ انہیں خدمت کارڈ کا اجراء بھی کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نابینا افراد کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی خصوصی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ انہیں پبلک ٹرانسپورٹ میں کرایوں میں پچاس فیصد رعائت کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔اسسٹنٹ کمشنرنے کہا کہ سفید چھڑی نہ صرف نابینا افراد کیلئے راستوں کو متعین کرتی ہے بلکہ بصارت کے حامل افراد کو ان کے حقوق سے آگاہ کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد عام افراد سے زیادہ توجہ کے مستحق ہیں کیونکہ یہ ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں جن کی مدد اور راہنمائی میں ہر فرد کو بڑھ چڑھ کرحصہ لینا چاہیے۔چیئر مین ڈی سی سی شیخ نواز اکرم نے کہا کہ پنجاب حکومت نابینا افراد کی تعلیم و تربیت اور بحالی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے خصوصی افراد کیلئے وزیر اعلیٰ خدمت کارڈ پروگرام کا اجراء بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ڈی او سوشل ویلفیئر اظہر عباس عادل نے سفید چھڑی کی اہمیت و افادیت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں ابتک7 ہزار سے زائد خصوصی افراد کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے جن میں سے 21سو سے زائد افراد کو خدمت کارڈ جاری کئے جا چکے ہیں ۔انہوںنے بتایا کہ 34نابینا افراد کو آٹھ ہزار روپے کی گرانٹ جبکہ 184خصوصی افراد کو زکوٰة فنڈ سے پانچ لاکھ روپے سے زائد رقم دی جار ہی ہے۔بعد ازاں مہمان خصوصی اے سی شاہد عباس جوئیہ نے 40نابینا مردوخواتین میں سفید چھڑیاں اور ملبوسات تقسیم کئے گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پنجاب حکومت کی تعلیم دشمنی ، نجکاری اور اساتذہ کے خلاف انتقامی کاروائیوں کے بارے آگاہ کرنے کیلئے صوفی رمضان انقلابی مرکزی صدر آل اساتذہ الائنس و پنجاب ٹیچرزیونین آج عمران خان چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوفی رمضان انقلابی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے تعلیمی اداروں کو تجارتی منڈی بناناچاہتی ہے۔ کئی بار وعدے کے باوجود اساتذہ کو اپ گریڈیشن نہیں دی جارہی ۔ جو حکومت اساتذہ سے بدعہدی کرتی ہے وہ قوم سے کیا وفا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اساتذہ کے مسائل حل کرنے کی بجائے اساتذہ رہنماؤں کو ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ پنجاب میں 5ہزار سے زائد ادارے NGOکے حوالے کرنا حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے قومی اثاثے ہیں انہیں نجکاری کی بھینٹ چڑھانا عوام دشمنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسائل حل نہ ہوئے تو احتجاج کے علاوہ ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں احتجاج پر مجبور کیاجارہا ہے ۔تعلیمی بائیکاٹ سمیت ہرآپشن استعمال کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات میں عمران خان کو تمام حقائق سے آگاہ کریں گے اور اُن سے اپیل کریں گے کہ اساتذہ مسائل پر بھرپور بات کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) بزم اہلسنت والجماعت کے زیراہتمام25 سالانہ ”شہدائے اسلام کانفرنس ‘ ’17 اکتوبر بروز سومواربعدازنمازعشا ء بمقام جامع مسجد فاروقیہ موضع حویلی بہادرشاہ میں منعقد ہورہی ہے جس میںتلاوت کیلئے عالمی یوارڈیافتہ قاری زکریاخالد،ثناء خواںکیلئے عالمی شہر ت یافتہ طاہر بلال چشتی آف جھنگ اپناکلام پیش کریںگے۔جبکہ خصوصی خطاب کیلئے مولاناعبدالکریم ندیم آف خان پوراورقاری عبدالمنان صدیقی آف حافظ آباد بیان فرمائیںگے۔