وزیرِ اعظم اور آرمی چیف کی سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے ملاقاتیں

Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی شاہ سلمان اور ولی عہد سے ملاقاتیں، خطے میں امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی، انسداد دہشت گردی کیلئے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، سعودی قیادت کی گفتگو

تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وزیرِ اعظم، آرمی چیف، وزیرِ خارجہ اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے خطے میں امن و استحکام کیلئے سعودی قیادت کی کوششوں کو سراہا اور مسلمان ملکوں کیلئے مشترکہ پلیٹ فارم قائم کرنے کی بھی تعریف کی۔ سعودی فرمانروا نے دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہا۔

وزیرِ اعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے اقتصادی اصلاحات کے منصوبے ویژن 2030ء کو سراہا۔ شاہد خاقان عباسی نے برادر اسلامی ملک کو ہدف کے حصول کیلئے تکنیکی اور انسانی وسائل کی فراہمی کی پیشکش کی۔ جواں سال ولی عہد نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید فروغ کی گنجائش ہے۔ معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔