وزیراعظم نواز شریف کراچی پہنچ گئے، کراچی، حیدرآباد موٹروے کا افتتاح کرینگے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کے کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور دیگر حکام نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ وہ کراچی حیدرآباد موٹروے ایم نائن کے پہلے سیکشن کا افتتاح کریں گے۔ ایک سو چھتیس کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر اگلے سال مکمل ہو گی۔

ایئرپورٹ سے وہ نوری آباد روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ کراچی حیدرآباد موٹر وے ایم نائن کے پہلے سیکشن کا افتتاح کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں وفاقی و صوبائی وزرا، تعمیراتی کمپنی فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلٰی حکام، تاجر وصنعتکار اور دیگر معزز شخصیات شرکت کریں گی۔

ایم نائن منصوبے کے پہلے سیکشن میں 75 کلو میٹر شاہراہ کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔ 136 کلومیٹر کا یہ منصوبہ 31 مارچ 2018 میں مکمل ہو گا۔ ستمبر2015 میں شروع ہونے والے منصوبے پر 36 ارب روپے لاگت آئے گی۔ وزیر اعظم نوازشریف کا سابق گورنر سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر تعزیت کیلئے ان کی رہائش گا جانے کا بھی امکان ہے۔