وزیراعظم نواز شریف کا لندن کے مقامی اسپتال میں دل کا آپریشن شروع

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لندن (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کی لندن کے مقامی اسپتال میں اوپن ہارٹ سرجری شروع کردی گئی ہے۔ وزیراعظم کے قریبی خاندانی ذرائع کے مطابق لندن کے مقامی اسپتال میں وزیراعظم نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری جاری ہے جب کہ وزیراعظم کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز، بھائی شہبازشریف، بھتیجے حمزہ شہباز سمیت خاندان کے دیگر افراد اسپتال میں موجود ہیں۔

ڈاکٹروں نے آپریشن سے قبل وزیراعظم کے کئی ٹیسٹ لیے اور اطمینان کے بعد آپریشن کی تیاریاں مکمل کیں جب کہ وزیراعظم نے آپریشن سے پہلے اپنی والدہ کو فون کیا اور ان سے دعائیں لیں۔ اوپن ہارٹ سرجری کے بعد وزیراعظم نواز شریف کو ایک ہفتے اسپتال میں قیام کرنا ہوگا جب کہ ڈاکٹروں کی اجازت کے بعد ہی وزیراعظم وطن واپسی کے لیے سفر کرسکیں گے۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویٹ سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری کے لئے لاکھوں لوگ ان کے لیے دعاگو ہیں، انشا اللہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے کیوں کہ دعائیں ادویات سے زیادہ موثر ہوتی ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نے آپریشن سے ایک دن قبل لندن میں حکومتی امور نمٹائے جس میں انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اقتصادی کونسل اور وفاقی کابینہ کے بجٹ اجلاس کی صدارت کی، وزیراعظم نوازشریف کے خطاب کے بعد وزیراعلیٰ سندھ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت وفاقی وزرا نے وزیراعظم سے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے لیے دعا کی جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نے تمام وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزرا سمیت سیکریٹریز کا بھی شکریہ ادا کیا۔