وزیراعظم نوازشریف کا پیٹرول کی قیمت نہ بڑھانے کا اعلان

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نےیکم جنوری سے پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کااعلان کیا ہے ، اوگرا نے 2 روپے سے زائد اضافے کی سمری بھیجی تھی ، دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں گی۔ اسلام آباد میں وزیر اعظم قومی صحت پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہغریب خاندانوں کا علاج اب حکومت کی ذمے داری ہے ،قومی صحت کے پروگرام کو مزید بہتر بنائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صحت اور تعلیم صوبوں کی ذمے داری ہے ، انہیں ادا کرنی چاہیے ، پھر بھی وفاق ہر ممکن مدد کررہا ہے، امید ہے دوسرے بھی نیک نیتی سے ساتھ چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد کم آمدنی والوں کو صحت سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے،ایسا نہیں ہوگا کہ غریب بیمارہواوراسے گھر کی چیزیں بیچنا پڑیں ،علاج کی خاطر جائیدادیں تک بک جاتی ہیں،اب ایسا نہیں ہوگا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غریب خاندانوں کا علاج اب حکومت کی ذمے داری ہے ، پروگرام کےتحت غریب خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت دی جائیگی، اب کسی کمزور کو علاج کےلیے قرض نہیں لینا پڑے گا، علاج مکمل نہ ہوا اور رقم کی حد پوری ہوگئی تو مزید رقم بیت المال سے دی جائیگی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہیہ پروگرام 23 ضلعوں میں شروع کیا جائےگا،سندھ اورخیبر پختونخوا میں بہت غریب ہیں ان کی خدمت بھی کرنی چاہیے ،ابھی دو صوبے اس پروگرام میں شامل نہیں ہیں ،وہاں بھی کام شروع ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے فلاحی ریاست کی جانب ایک اور قدم بڑھایا ہے، اگر پروگرام کاغلط استعمال کیاگیاتو میں سخت ایکشن سے نہیں ہچکچاؤں گا ، سائرہ افضل تارڑ اس پروگرام کوباقاعدگی سے مانیٹر کریں گی ،عوامی فلاح کے کسی پروگرام کی ناکامی کا آپشن قبول نہیں ،یہ پاکستان کے عوام کا معاملہ ہے اس کے خلاف رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 1998کے بعد پاکستان میں کون سی موٹر وے بنی، ملک میں سڑکوں اور موٹرویز کا جال بچھارہے ہیں۔