وزیراعظم نوازشریف نے تاجک صدر کے ہمراہ ’کاسا 1000‘ توانائی منصوبے کا افتتاح کردیا

Kasa

Kasa

دوشنبے (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے تاجک صدر ایمولی رحمان کے ہمراہ ’کاسا 1000‘ توانائی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے تاجک صدر ایمولی رحمان کے ہمراہ کاسا 1000 توانائی منصوبے کا افتتاح کردیا ہے جس کے تحت پاکستان تاجکستان سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی خریدے گا جب کہ افغانستان کو بھی 300 میگا واٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر انجینئرز نے کاسا 1000 منصوبے کے حوالے سے پاکستان، افغانستان اور کرغزستان کے اعلیٰ حکام کو بریفنگ بھی دی، حکام نے بتایا کہ 750 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن افغانستان کے راستے پاکستان تک پہنچے گی اور منصوبہ 2018 تک مکمل ہو گا۔

منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کاسا 1000 منصوبہ خطے کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے، منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز ہو چکا ہے، اس منصوبے کے ذریعے خطے کے ممالک کو نہ صرف ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا بلکہ اس سے عوام کو روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف آج تاجک صدر ایمولی رحمان سے علیحدگی میں بھی ملاقات کریں گے جس میں دفاع، تعلیم اور تجارت سمیت دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے دورے کے منتظر ہیں۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف، مشیر خارجہ طارق فاطمی اور یونس ڈھاگا بھی وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ موجود ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کل دو روزہ دورے پر تاجکستان کے شہر کولاب پہنچے تھے جہاں انھوں نے مشہور صوفی بزرگ اور مبلغ اسلام سید علی ہمدانی کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔