وزیراعظم ایک ارب 96 کروڑ روپے کے مالک، بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں، گوشوارے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے گوشواروں کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف ایک ارب 96 کروڑ روپے کی جائیداد کے مالک ہیں اور ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر ارکان اسمبلی کے 15-2014 کے مالی سال کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں، جس کے مطابق وزیراعظم ایک ارب 96 کروڑ روپے کے مالک ہیں تاہم ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں، مری کی اپر مال پر جائیداد کی قیمت 25 کروڑ روپے ہے، انہیں تحفے اور وراثت میں ایک ارب 7 کروڑ روپے کی زرعی اراضی ملی ہے اس کے علاوہ وزیر اعظم کو حسین نواز نے 21 کروڑ 56 لاکھ بیرون ملک سے بھجوائے ہیں، وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کی ہال روڈ پر جائیداد کی مالیت 10 کروڑ روپے ہے۔

الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشواروں کے مطابق عمران خان کی پاکستان میں موجود جائیداد کی مالیت 4 کروڑ 54 لاکھ روپے ہے جب کہ ان کے بنی گالا کے گھرکی مالیت 75 کروڑ روپے ہے جو انہیں تحفے میں ملا ، گوشوارے کے مطابق عمران خان کا پاکستان یا پاکستان کے باہر کوئی کاروبار نہیں، اس کے علاوہ ان کی بیرون ملک بھی کوئی جائیداد نہیں۔

الیکشن کمیشن میں جمع گوشواروں کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی ملکیت نقد، بانڈزکی مد میں ایک کروڑ 17 لاکھ 5 ہزار 154 روپے ہیں، سکھر میں خورشید شاہ کے آبائی گھر کی موجودہ قیمت 11 لاکھ اور سکھر کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک پلاٹ کی قیمت 80 لاکھ روپے ہے۔ اس کے علاوہ خورشید شاہ کے اسلام آباد میں ایک،ایک کنال کے 2 پلاٹ ہیں جن کی مجموعی قیمت ایک کروڑ 60 لاکھ ہے۔

گوشوارے کے مطابق خورشیدشاہ کی ملکیت میں 40 لاکھ روپے کے مویشی اور ایک لاکھ 50 ہزار کے زیورات ہیں جب کہ پاکستان کاٹن جینر کا 60 لاکھ کا کاروبار ہے۔