وزیر اعظم کل سکھر ملتان موٹر وے سیکٹر کا سنگ بنیاد رکھیں گے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

سکھر (جیوڈیسک) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سکھر ملتان موٹر وے سیکٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے کل صبح سکھر پہنچیں گے۔ سکھر ملتان موٹر وے تین سو 13 ارب کی لاگت مکمل کیا جائے گا۔

اس ضمن میں سکھر ملتان موٹر وے سیکٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف وفاقی وزرا کے ہمراہ جمعے کو سکھر پہنچیں گے۔

روہڑی میں قومی شاہراہ سے متصل تقریب کے لئے پنڈال بھی سجایا گیا ہے جہاں ڈھائی ہزار افراد کو بٹھانے کے لئے کرسیاں رکھنے کے ساتھ شرکاء کو وزیر اعظم کا خطاب دکھانے کے لئے متعدد ایس ایم ڈی سکرین بھی لگائے گئے ہیں۔

وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ بھی پنڈال کا دورہ کریں گے ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی تقریب میں نجی الیکٹرونک میڈیا اور مقامی صحافیوں کے داخلہ پر پابندی ہوگی۔