وزیراعظم آج گرین پارلیمنٹ سولر پاور پراجیکٹ کا افتتاح کرینگے

Solar Parliament

Solar Parliament

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف آج پارلیمنٹ ہائوس میں لگائے گئے سولر سسٹم کا افتتاح کرینگے، جس کے بعد پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ بن جائے گی ۔اس پروجیکٹ کو گرین پارلیمنٹ سولر پاور پراجیکٹ کا نام دیاگیا ہے ۔

سورج کی شعاؤں کا استعمال کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہائوس کی چھتوں اور پارکنگ ایریا میں لگائے گئے 3 ہزار 9 سو 40 سولر پینلز فی گھنٹہ 1 میگاواٹ بجلی پیدا کر یں گے جو قومی اسمبلی اور سینیٹ کوروشن رکھ سکیں گے ۔

پراجیکٹ منیجر شاہد شو کت کا کہنا ہے کہ ہماری کم سے کم بجلی کی ضروریات کو ہم متبادل توانائی پر لے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ پاکستان کا پہلا نیٹ میٹرنگ منصوبہ ہے۔اس منصوبہ میںایک ہی وقت میں ہم نیشنل گرڈ کو بجلی دے بھی رہے ہونگے اور لے بھی رہے ہونگے۔

وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس ،اکرم درانی نے کہا کہ یہ اچھا منصوبہ ہے لیکن دیکھنا ہے کتنا کامیاب ہوتا ہے۔

چین کی جانب سے دئیے گئے اس تحفے نے پارلیمنٹ ہاؤس کے بجلی کا بل صفر کر دیا ہے، بیٹری بیک اپ رکھنے کی بجائے پلانٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کو نیٹ میٹرنگ کا پہلا لائسنس بھی مل گیا ہے۔

اس منصوبے کو 25 سال تک کسی مرمت کی ضرورت نہیں، ماحول دوست منصوبہ کاربن ڈائی آکسائیڈ، سلفر ڈائی آکسائیڈ جیسی مضر گیسوں سے پاک ہے۔ انرجی ایفی شینٹ تکنیک سے پارلیمنٹ ہائوس میں بجلی کی کھپت نصف تک کم کرنے کا منصوبہ بھی جاری ہے۔