وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے اپنے خطاب میں بھارتی دہشتگردی کو نظر انداز کر دیا، شیریں مزاری

Shireen Mazari

Shireen Mazari

اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کی ترجمان شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں بھارتی دہشتگردی کو یکسر نظرانداز کیا، بھارتی دہشتگردی سے ہمارے لوگ مرے، بھارت کے خلاف ثبوت عالمی رہنماؤں سے پوشیدہ رکھے گئے۔

وزیراعظم نواز شریف کے اقوام متحدہ میں خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ترجمان شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں بھارتی دہشتگردی کو یکسر نظرانداز کیا۔

شیریں مزاری نے کہا ہے کہ حکومت نے اقوام متحدہ میں بھی بھارت کی شرانگیزیوں کے ثبوت پیش نہیں کیے ، حکومت نے بہانہ تراشا کہ بھارتی مداخلت کے ثبوت مودی سے ملاقات میں دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرتاج عزیز نے بھارتی شرانگیزیوں کے شواہد جنرل اسمبلی اور عالمی رہنماؤں سے پوشیدہ رکھے ، قوم جاننا چاہتی ہے کہ حکومت کے پاس بھارتی مداخلت اور شرانگیزی کے شواہد ہیں بھی یا نہیں؟ ہمارے لوگ بھارتی دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں۔