نجی چینل کی من گھڑت خبر سے ملت تشیع پاکستان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں: مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان

Lahore

Lahore

لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سرفراز نقوی نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئی ایس او ہمیشہ استحکام پاکستان کے لئے سرگرم رہی ہے نجی چینل کی طرف سے بے بنیاد اور من گھڑت خبر جاری کی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر سرفراز نقوی نے کہا کہ سماء نیوز کی جانب سے آئی ایس او کودہشت گرد تنظیموں کی لسٹ میں شامل کرنے کی من گھڑت خبر جاری کی گئی ہے نجی چینل نے نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ کرنے والی ملک گیر طلبا تنظیم کے خلاف گھنائونی سازش کرتے ہوئے غر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔

جس سے ملت تشیع پاکستان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نجی چینل خبر کی فوری طور پر تردید کرے اور معافی مانگے بصورت دیگر قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس ناک بات ہے کہ میڈیا کے بعض عناصراپنے آقائوں کی خوشنودی کی خاطر اس طرح کے شرمناک فعل کے مرتکب ہو رہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومتی اہلکار کالعدم جماعتوں کے رہنمائوں اور دہشت گردوں کا سہارا لے رہے ہیں اور ان کی پشت پناہی میں مصروف عمل ہیں۔مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان کا کہنا تھا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان انیس سو بہتر سے لے کر آج تک ہمیشہ سے نوجوان طالب علموں کو وحدت مسلمین اور استحکام کا درس دیتی آئی ہے۔ پھر اپنا یہ پیغام طلبا کی سطح سے بڑھا کر ملک عزیز کے ہر مسلک ، گروہ اور طبقہ تک پہنچانے میں صف اول کا کردارادا کیا۔

آئی ایس او پاکستان ملک کی واحد طلبا تنظیم ہے جس نے اسلام اور پاکستان دشمن عناصر کو بے نقاب کرنے کے لئے ستر کی دہائی سے آواز بلند کی۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ عالمی استعمار بالخصوص امریکہ، اسرائیل، بھارت کے مکروہ عزائم سے پردہ اٹھانے کے لئے مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل، مردہ باد ہندوستان کے شعار کو ہر شہری کے کانوںتک پہنچایاآج پاکستان کا بچہ بچہ یہ جان چکا ہے کہ اس بدامنی، دہشت گردی اور ملک کے عدم استحکام میں کس کا ہاتھ ہے۔ اس تنظیم کا ماضی اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ اس نے ہمیشہ استحکام پاکستان کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔

ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ چاہے وہ اکتوبردو ہزر پانچ کے زلزلے میں کئی مہینوں تک ریلیف کیمپ لگانا ہو یا پھر پنجاب، سندھ ، بلوچستان کے سیلاب زدگان کی فوری ریلیف کا روائیاں ہوں۔ ان جوانوں نے جانوں پر کھیل کر اپنا کردار ادا کیا۔اس طرح طلبا کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے کی خاطر متحدہ طلبا محاذ کے قیام کا سہرا بھی آئی ایس او کو جاتا ہے جبکہ متحدہ طلباء محاذ کی صدارت بھی آئی ایس او کے پاس ہے مرکزی صدر نے بتایا کہ آئی ایس او رسول اکرم کی ذات مقدس کو مرکز اتحاد مانتے ہوئے ایک عرصے سے 12تا17ربیع الاول ہفتہ وحدت المسلمین مناتی ہے۔اس کے ساتھ اپنے نصب العین نوجوانوں کو تعلیمات قرآن اور سیرت محمد و آل محمد کے مطابق رنگ، نسل،ذات، فرقہ کی تقسیم بندی سے دوری رکھتی ہے اور رکھتی آئی ہے۔

مرکزی صدر نے کہا گلگت بلتستان کی یونیورسٹیز میں یوم حسین منعقد کرنے پر آئی ایس او کے کارکنان کو گرفتاراور حراساں کیا جارہا ہے۔ پاکستان میں تشیع کو دیوار سے لگانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، پاکستان میں سعودی سفارت خانہ کی سرگرمیاں پاکستان کی دفاعی سالمیت، داخلہ و خارجہ پالیسی کے حوالے سے انتہائی تشویش ناک ہیں، مقتدر اداروں سے ہمارا مطالبہ ہے کہ پاکستان میں سعودی مداخلت کا فی الفور نوٹس لیکر اس کا سدباب کیا جائے، کیونکہ سعودی سفارت خانے اور قونصل خانوں سے دہشتگردوں کو فنڈنگ اور سپورٹ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کی ناک کے نیچے اسلام آباد میں جو شرمناک حرکت کی گئی، اس کا جواب کس نے دینا ہی۔

سرفراز نقوی نے کہا کہ مٹھی بھر تکفیریوں کیلئے پاکستان کی سرزمین شیعوں پر تنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان سے اپنے مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر فوری طور پر عمل درآمد کرایا جائے۔ کالعدم جماعتوں کی سیاسی و مذہبی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگا کر ان افراد کو گرفتار کیا جائے، جو نام بدل کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملت تشیع کے بیگناہ افراد کو فوری رہا کیا جائے۔ ان شہریوں کے نام شیڈول فور سے فورا نکالے جائیں جو کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں۔ بزرگ علما اور شیعہ عمائدین کی معطل شدہ شہریت فورا بحال کی جائے۔ جو عناصر ملت تشیع کے خلاف سنگین سرگرمیوں میں ملوث ہیں، ان کو بلاتاخیر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔