پروفیسر شکیل اور وحید الرحمان کے قتل میں ایک ہی اسلحہ استعمال ہوا

Professor Shakeel Auj

Professor Shakeel Auj

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پروفیسرز کے قتل میں ملوث گروپ کا سراغ لگالیا گیا ہے، جامعہ کراچی کے پروفیسر شکیل اوج اور پروفیسر وحید الرحمن کے قتل میں ایک ہی اسلحہ استعمال ہوا ہے،

کراچی میں جامعہ کراچی کے پروفیسر وحید الرحمن قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ تحقیقاتی اداروں نے پروفیسر شکیل اوج اور پروفیسر وحید الرحمن کے قتل میں ملوث گروپ کا سراغ لگالیا ہے۔

دونوں پروفیسرز کے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ ایک ہی ہے جس کے بعد شکیل اوج کے قتل میں گرفتار ٹارگٹ کلر منصور سے جیل میں تفتیش شروع کردی ہے۔ ٹارگٹ کلر منصور نے ابتدائی بیان میں انکشاف کیا ہے کہ شکیل اوج کے قتل کا حکم اسے بیرون ملک سے ملا۔

قتل کے وقت اس کے ہمراہ پانچ دیگر ساتھی بھی موجود تھے جن میں وہ فہیم جبل پوری اور احتشام الدین کو جانتا ہے۔ ملزم کے انکشافات کے بعد تفتیشی ٹیموں اور تحقیقاتی اداروں نے فہیم جبل پوری اور احتشام الدین سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

پروفیسر شکیل اوج کو ستمبر 2014 میں گلشن اقبال جبکہ پروفیسر وحید الرحمان کو گزشتہ ماہ ایف بی ایریا میں قتل کردیا گیا تھا۔