خدا کی رضا

Disabled child in his lap

Disabled child in his lap

تحریر: پروفیسر محمد عبداللہ بھٹی
مجبور بے بس باپ آغوش میں معذور بچہ لیے ملتجی نظروں سے میری طرف دیکھ رہا تھا اُس کی آنکھوں میں امید کے چراغ روشن تھے وہ مُجھ گناہ گار کو مسیحا سمجھ بیٹھا تھا اور میں اپنے ہی عرقِ ندامت میں غرق اُس کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھ رہا تھا معذور بچوں کے ڈھانچہ نما مُڑے تُڑے جسم باپ کی بے چارگی، لا چارگی اور بے بسی نے کمرے کی فضا پر سوگوار یت کی سیا ہ چادر تان دی تھی۔

کو ئی جب بھی مدد طلب نظروں سے میری طرف دیکھتا ہے تو میرا دل کر تا ہے اپنا آپ بیچ کر اُس کی مدد کروں اُسے اس تکلیف درد اور بیماری سے نکالوں ہمیشہ ایسے لوگوں کے دکھ کو دیکھ کر ہی خالقِ بے نیاز کے حضور سر جھکاتا ہوں کہ وہ رحمٰن رحیم اپنی رحمت کی برسات ایسے دکھی لوگوں پر کر دے اور میرے سوہنے رب نے ہمیشہ ہی اِس فقیر کی لاج رکھی اور دستِ رحمت سے ہی نوازاا ب میں نے شفقت بھرے لہجے میں مجبور با پ سے کہا آپ حکم کر یں میں آپ کے لیے جو بھی کر سکا ضرور کروں گا اور آپ کے لیے کچھ کر نا میرے لیے بہت بڑی سعادت ہو گی اب میری بات سن کر باپ نے اپنی بیٹی کو آواز دی تو چند لمحوں بعد ایک خوش شکل شریف حیا دار لڑکی اند آئی اور سلا م کیا ساتھ ہی لڑکی کی کمزور بیمار ماں بھی اند ر آگئی اب باپ نے بات شروع کی سر میرے پا نچ بچے ہیں جن میں چار لڑکیاں اور ایک بیٹا ہے یہ میری سب سے بڑی بیٹی ہے جو تندرست ہے با قی چاروں بچے معذور ہیں آپ اِن بچوں کو دیکھ رہے ہیں آپ نے بہت سارے معذور بچے دیکھے ہوں گے۔

لیکن اِن بچوں کی معذوری بہت ہی درد ناک اور پراسرار ہے وہ اِس طرح کہ با قی بچے حرکت بھی کر تے ہیں چلتے بھی ہیں اور اکثر تو بولتے بھی ہیں لیکن میرے بچے ان بچوں سے بہت مختلف ہیں میرے بچوں کی معذوری زیادہ پیچیدہ ہے اِس بیماری نے اِن کو اِس طرح کھا لیا ہے کہ اب اِن کی ہڈیوں کے گودوں تک سرائیت کر گئی ہے شدید بیماری نے کمزوری اور نقاہت کو اِس درجہ بڑھا دیا ہے کہ یہ اپنی مرضی سے حرکت تک نہیں کر سکتے اِن کے منہ سے ہوں ہاں بس اِس سے زیادہ یہ بول بھی نہیں سکتے ہی اپنی مرضی سے کروٹ بھی نہیں بدل سکتے کھا نا پینا یہ بتا نہیں سکتے اِن کی بھوک پیا س اور حاجات کا خیال میں اور میری یہ بڑی بیٹی رکھتے ہیں ہم نے دن رات کا وقت با نٹا ہوا ہے ہم اِن کی آنکھوں کے اشاروں یا وقت سے ہی اندازہ لگا لیتے ہیں اِن بچوں میں بیٹا اور بڑی بیٹی اپنی آنکھوں کے اشاروں سے اپنی حاجت یا با ت ہمیں سمجھا سکتے ہیں دوسری دو بیٹیا ں تو اِس درجہ تک معذور ہیں کہ بے حس زندہ لا شوں کی طرح پڑی ہیں اُن کو ہم وقت کے ساتھ ہی ڈیل کر تے ہیں اِب بچوں کی معذوری اور صحت کے لیے میں نے وطن عزیز کے چپے چپے کی خاک چھانی ہے جہاں کہیں بھی مجھے امید کی کرن نظر آئی میں دوڑنا ہوا وہاں گیا۔

Aamil

Aamil

عاملوں بابوں گدی نشینوں کی لوٹ مار کی داستانیں بہت درد ناک ہیں جنہوں نے مجھے خوب لوٹا کسی نے جادو کی بات کی کسی نے جنات کا رونا رویا ہر کسی نے تجربہ ہی کیا میرے بچے لیبارٹری بنے رہے اور میں لٹتا رہا اُس باپ کی درد ناک داستان سن کر کانپ اور لرز رہا تھا کہ اِن معذور بچوں کو دیکھ کر بھی اگر کسی کو خدا یا د نہیں آیا تو وہ یقینا ظالموں میں سے ہی ہوں گے اِن بچوں کو دیکھ کر تو شدت سے خدا یا د آجا تا ہے کون جہنمی اور لعنتی لوگ تھے جنہوں نے اِس بے بس باپ کو بھی لو ٹنے سے گریز نہیں کیا وہ درد ناک لہجے میں در بدر بھٹکنے کی داستان سنا رہا تھا سر میں نے اپنی پو ری کو شش کی جہاں مجھے خبر ملی میں دوڑ کر گیا اور پھر تھک ہا ر کر اِن بچوں کی معذوری خدا کی رضا سمجھ کر بیٹھ گیا کہ جس رنگ میں میرا خدا راضی ہے میں بھی اُسی رنگ میں ہی راضی ہوں ۔ میری جنرل سٹور نما پر چون کی دوکان ہے میں صبح جا کر دوکان کھول لیتا ہوں سارادن مزدوری کر کے جب واپس آتا ہوں اور جب اپنے بیٹے یا بیٹی کو گود میں لے کر اُن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالتا ہوں تو تب اِن کی آنکھوں میں آشنائی کی چمک آتی ہے تو یہ صرف ہاں ہوں کر تے ہیں اِن کا یہ معصوم رد عمل میری دن بھر کی تھکاوٹ کو دور کر دیتا ہے میں سارا دن اِس انتظار میں رہتا ہوں کہ کب گھر جا ئوں گا اپنے معذور بچوں کو اپنی آغوش میں لوں گا۔

اُن کی آنکھوں کی چمک اور معصوم ہوں ہاں سے میری دن بھر کی تھکاوٹ دور ہو جا تی ہے سر میں اللہ کی رضا میں راضی ہوں مجھے اپنے اللہ سے کو ئی شکوہ شکایت نہیں ہے اگر اُس نے مجھے اِس حال میں رکھنا ہے تو میں اِس میں بھی راضی ہوں میں آپ سے صرف یہ درخواست کر تا ہوں کہ اللہ تعالی مجھے صحت دے اور اتنا رزق کہ میں اِن بچوں کی خدمت کر سکوں میں میری بیوی اور میری بیٹی اِن معصوم فرشتوں کی ڈیوٹی میں ہی بہت خو ش ہیں میری بڑی بیٹی کیونکہ صحت مند ہے اور ا ن کی ماں جیسی بہن بھی ہے میری یہ بیٹی اپنی بیمار ماں اور اِن بچوں کی سارا دن دیکھ بھال کر تی ہے سر آپ کو جس مسئلے کے لیے بلایا وہ یہ ہے کہ ہم اپنی زندگی میں راضی تھے بیٹی جوان ہو ئی تو رشتے آنے شروع ہو گئے پہلے تو بیٹی نے بہت انکار کیا کہ میں اپنے بہن بھا ئیوں کو چھوڑ کر نہیں جائوں گی۔

Wedding

Wedding

لیکن پھر ہمارے رشتہ داروں میں ایک ایسا رشتہ آیا جنہوں نے کہاکہ آپ ہما رے بیٹے کو گھر داماد بنا لیں ہم اِس خدمت میں آپ کا بھر پور ساتھ دیں گے اور پھر میں نے اپنی بیٹی کی ناں ناں کر نے پر اُ س کی شادی کر دی اورہمارا داماد ہما رے گھر آگیا شروع میں تو ہما رے داماد نے اعتراض نہیں کیا لیکن آہستہ آہستہ اُس نے اعتراض کر نا شروع کر دیا کیونکہ داماد کا ہما رے بچوں سے خونی رشتہ نہ تھا اِس لیے وقتی ہمدردی چند دنوں میں ہی دم توڑ گئی اُس کے روئیے میں پہلے سر د مہری پھر غصے کی آمیزش بڑھتی گئی اب اُس نے کھلے لفظوں میں کہنا شروع کر دیا کہ میں گھر داماد بن کر یہاں نہیںرہ سکتا ہما ری بیٹی پر پریشر ڈالنا شروع کر دیا کہ تم یہ گھر چھوڑ کر میرے گھر چلو ہما ری بیٹی نے دبے لفظوں میں بار بار وہ وعدے یا ددلائے کہ یہ شادی تو ہو ئی ہی اِ س شرط پر تھی کہ میں اپنے بہن بھائیوں کی دیکھ بھال کر وں گی اور تم گھر داماد بن کر رہو گے۔

لیکن داماد صاحب پر کو ئی بھی اثر نہ ہوا آخر اُس نے ہما را گھر چھوڑ دیا ہم نے داماد کی بہت منتیں کیں کہ اس طرح نہ کرو ہمارا گھر نہ چھوڑو ہم نے تو پہلے ہی سب کچھ بتا دیا تھا لیکن وہ اپنی ضد پر اڑا رہا وہ ایک ہی با ت کر تا ہما ر ی بیٹی سے کہ یا مجھے چن لو یا اپنے معذور بہن بھائیوں کو آخر جب وہ باز نہ آیا تو ہما ری بیٹی نے اپنے بہن بھائیوں کو چن لیا اب ہما ری بیٹی دو سال سے ہما رے گھر ہی بیٹھی ہے یہ دن رات اپنے بہن بھائیوں کی خدمت کر تی ہے لیکن ہم میاں بیوی جب بھی اِس کی آنکھوں کی نمی اور سو گوار یت دیکھتے ہیں تو کٹ کر رہ جا تے ہیں ۔ میں جو اپنے معذور بچو ںکی معذوری کو مقدر کا لکھا سمجھ کر صبر شکر کر کے بیٹھا تھا جب بھی اپنی جوان بیٹی کو اپنے گھر میں سوگوار دیکھتا ہوں تو کبھی کبھی میرے صبر کاپیما نہ چھلک پڑتا ہے اور میں اللہ تعالی سے عرض کر تا ہوں اے میرے خدا میں نے تیرا ہر فیصلہ دل سے قبول کیا دل سے مانا لیکن اے اللہ بیٹی کا دکھ مجھ سے برداشت نہیں ہو تا میں روزانہ اپنی بیٹی کو دیکھ کر ریزہ ریزہ ہو تا ہوں یہ غم میری برداشت سے باہر ہے یہ کہہ کر وہ پھوٹ پھوٹ کر دھاڑیں مار کر رونے لگا اور میری آنکھوں سے بھی آنسوئوں کے آبشار اُبل پڑے۔

Professor Mohammad Abdullah Bhatti

Professor Mohammad Abdullah Bhatti

تحریر: پروفیسر محمد عبداللہ بھٹی
ای میل: help@noorekhuda.org
فون: 03004352956
ویب سائٹ: www.noorekhuda.org
فیس بک آفیشل پیج: www.fb.com/noorekhuda.org