تبلیغ دین اور اقامت دین پوری امت کی ذمہ داری ہے، منعم ظفر خان

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہماری پوری زندگی اللہ کی کتاب، رسولۖ کی شریعت اور سنت اور اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھل جائے اور ملک کے اندر نظام سیاست ، معاشرت، معیشت ، عدالت اور صحافت سب اسلام کے زریں اصولوں اور قوانین کے ماتحت آجائیں، یہی جماعت اسلامی کی دعوت اور جدوجہد کا مرکز و محور ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی نارتھ کراچی علاقہ عبدالعزیز سیکٹر 5L میں منعقد دعوت افطارمیں درس قرآن دیتے ہوئے کیا۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ تبلیغ دین اور اقامت دین پوری امت کی ذمہ داری ہے اور جو لوگ اور گروہ اس اجتماعی جدوجہد میں مصروف ہیں وہ قابل مبارکباد اور لائق تحسین ہیں لیکن اس اجتماعی فریضہ کو ادا کرنے والوں پر بڑی بھاری ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے انہوںنے کہا کہ ایمان بہت بڑی دولت ہے اور اہل ایمان نے ہر دور میں راہ حق پر آنے والی مشکلات اور آزمائشوں میں صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا ہے۔

اہل حق اور ایمان کی دولت کا سودا نہ کرنے والوں پر ہی اللہ تعالی کی طرف سے سکینت نازل ہوتی ہے، سکینت کا مطلب اور مفہوم یہ ہے کہ جب اہل ایمان اور اہل حق چاروں طرف سے خطرات میں گھرے ہوئے ہوں اور دشمن قوت اور باطل طاقت تمام تر سازو سامان کے ساتھ سامنے کھڑی ہوں تو اہل حق کے دل مطمئن ہوں اور ان کو یقین کامل ہو کہ اللہ کی نصرت ضرور ان کا مقدر بننے والی ہے۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ اہل ایمان کے اندر جرأت و بہادری کے ساتھ حکمت و دانش بھی موجود ہوتی ہے لیکن وہ کسی بھی صورت میں ایمان کی دولت سے محرومی اور سودے بازی قبول کرنے پر تیار نہیں ہوتے۔

ہمیں اللہ تعالی کے ساتھ اپنے عہد اور رشتے اور قرآن سے تعلق کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، صدق دل اور خلوص کے ساتھ ہر لمحے توبہ و استغفار اور اللہ سے استعانت کے طلب گار رہنا چاہیے، اسی میں اخروی کامیابی اور فلاح ہے۔ علاوہ ازیں منعم ظفر خان نے علاقہ عبدالعزیز سیکٹر 5M میں جماعت اسلامی کے تحت لگائے گئے الخدمت ہینڈ پمپ کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر امیر زون نارتھ کراچی طارق مجتبیٰ اور نائب امیر زون و ناظم علاقہ عبدالعزیز فیصل بھی موجود تھے۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320