جائیداد پر قبضے اور قتل کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے۔ راجونی اتحاد

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان راجونی اتحاد کے تعزیتی اجلاس میں محب وطن روشن پاکستان پارٹی کی مقتول رہنما خورشیدہ بیگم عرف میڈم انیتا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل اتحادی جماعتوں کے سربراہان سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سردار خادم حسین سولنگی ‘ اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ عارف راجپوت ‘ اشتیاق آرائیں ‘ عبدالحکیم رند ‘ عدنان میمن ‘ حاجی امیر علی خواجہ و دیگر نے محب وطن روشن پاکستان پارٹی شعبہ خواتین کی سینئر ومرکزی رہنما خورشیدہ بیگم عرف میڈم انیتا کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خورشیدہ بیگم عرف میڈم انیتا نہ صرف محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے شعبہ خواتین سے وابستہ خوش مزاج و بلند کردار سیاسی وسماجی شخصیت تھیں بلکہ وہ ماہر قانون کی حیثیت سے سندھ ہائی کورٹ سے بھی وابستہ تھیں۔

اسلئے ان کی کسی سے دشمنی نہ تھی ماسوائے ان مفاد پرست عناصر کے جنہوں نے ان کے گھر کے آدھے حصہ پر جعل سازی سے قبضہ کرکے لکھپتی میرج لان کے ہال سے کمرشیل ادارہ قائم کرلیا تھا جس کا کیس ہائی کورٹ تک لیجانے پر یہ مفاد پرست و جرائم پیشہ عناصر خورشیدہ بیگم عرف میڈم انیتا کو دھمکیاں دے رہے تھے۔

اسلئے پولیس کو خورشیدہ بیگم عرف میڈم انیتا کے حقیقی قاتلوں کی جلد گرفتاری کیلئے ان خطوط پر بھی اپنی تدتیش کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

راجونی اتحاد کے تعزیتی اجلاس کی صدارت کرنے والے سردار غلام مصطفی خاصخیلی نے چیف جسٹس سے مقتول خورشیدہ بیگم عرف میڈم انیتا کی جائیداد پر قبضے اور ان کے بہیمانہ قتل کا ازخود نوٹس لیکر قاتلوں کی گرفتاری اور فراہمی انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر 15دن میں قاتل گرفتار نہ کئے گئے توقاتلوں کی عدم گرفتاری پر بھرپور عوامی احتجاج کیا جائیگا۔