نبی کریم نے اللہ کی حاکمیت کیلئے طاغوت کیخلاف کلمہ حق بلند کیا، مولانا عبدالغفار

Seerat e Nabawi

Seerat e Nabawi

کراچی : حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ میں تمام مصائب و مشکلات کا حل ہے، دین سے دوری سنت سے بے رغبتی کے باعث امت مسلمہ اجتماعی طور پر مسائل سے دو چار ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالغفار نے جماعت اسلامی زون ناظم آباد حلقہ UC-48 کے تحت چھوٹا میدان، ناظم آباد نمبر 3 میں منعقدہ ”محفل سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دنیا کو امن کا درس دیا ہے، سرکار دو جہاں کی آمد دنیائے جہاں کے لئے رحمت ہے، فلاحی ریاست اور پرامن معاشرے کے قیام کے لئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو اپنانا ہوگا۔ ہم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کے دعویدار تو ہیں لیکن عملی زندگی اس سے بالکل خالی ہیں۔ اسلامی تعلیمات اور سیرت سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دوری کے باعث آج مسلمان دنیا میں اجتماعی طور پر ذلت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اللہ کی حاکمیت کے لئے طاغوت کے خلاف کلمہ حق بلند کیا۔

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ تا قیامت پوری دنیا کے لئے نمونہ ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کو مسجد اور محرابوں تک محدود نہ کیا جائے۔مولانا عبدالغفار نے مزید کہا کہ مصنوعی طریقوں سے عوام کے سروں پر مسلط ہونے والے عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے۔ پوری دنیا میں اللہ کے باغی سر اٹھا رہے ہیں اور مسلمانوں پر زمین تنگ کی جا رہی ہے، مسلمانوں کا سیاسی نظام بگڑ چکا ہے، طاغوتی قوتیں مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دے کر خون مسلم کو پانی کی طرح بہا رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سچے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم قرآن و سنت پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں۔