مظاہرین ریڈ زون میں کیسے پہنچے، وزارت داخلہ جواب دے: خورشید شاہ

Khursheed Shah

Khursheed Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان سوئٹ ہوم میں یتم اور لاوارث بچوں کی سالگرہ کی تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ ریڈ زون کی سکیورٹی سخت ہے، ہم بھی چیکنگ کے بغیر وہاں داخل نہیں ہو سکتے اب یہ سوال اْٹھتا ہے کہ وہاں ہزاروں افراد دھرنا دینے کے لئے لاٹھی ڈنڈے لیکر کیسے داخل ہو گئے، حکومت کہاں تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم سوال ہے اور ہم آئندہ اجلاس میں اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔ تیل کی قیمتوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت کو تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرنا چاہئے بلکہ تیل کی قیمتوں میں کمی کرنا چاہئے کیونکہ حکومت نے تیل کی مصنوعات پر بہت زیادہ ٹیکس لگا رکھا ہے۔

اس لئے ٹیکس کو کم کر کے تیل کی قیمتوں کو کم کیا جانا چاہئے لیکن حکومت تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں ٹیکس کو کم کر کے تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں کمی کی تاکہ عوام کو اس کا براہ راست فائدہ ہو۔

را کے ایجنٹ کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب یہ ثابت ہو چکا ہے کہ بھارت ہمارے ملک میں براہ راست گڑ بڑ کرا رہا ہے اور حکومت کو یہ بات دنیا بھر کو بتانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کا واقعہ افسوسناک ہے اور اس معاملے پر وزیر اعظم نے قوم سے خطاب بھی کیا میں اس خطاب پر کوئی تنقید نہیں کرنا چاہتا۔

لاہور ان کا حلقہ انتخاب بھی ہے لیکن چارسدہ اور پشاور میں بھی دھماکے ہوئے تھے، دہشت گردوں نے حملے کئے تھے، وزیر اعظم نے اْس وقت قوم کو اعتماد میں نہیں لیا۔