صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قرار دیا جائے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران متعدد علاقوں میں خواتین کو ووٹنگ سے روکا گیا ہے اور جبروتشدد اور بندوق کے زور پر عوام کے جمہوری حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔

لہٰذا خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے اوروہاں غیرجانبدار مبصرین کی زیرنگرانی ازسرنو انتخابات کروائے جائیں۔

االطاف حسین نے کہا کہ ملک کی بیشتر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے ایم کیو ایم کے خلاف بہتان تراشی کی گئی اور ہرواقعے میں ایم کیو ایم کو ملوث کرکے اس کا میڈیا ٹرائل کیا گیا لیکن صوبہ خیبرپختونخوا میں مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اورکارکنوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے دوران کھلی دھاندلی کی گئی۔

عوام کے سامنے بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگائے گئے ، جدید ترین اسلحہ کی آزادانہ نمائش واستعمال کیا گیا، پولنگ اسٹیشنوں پر حملے کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مخالف امیدواروں اور سیاسی کارکنوں کو ہلاک وزخمی کیا گیا اور یہ مناظر پاکستان کے تقریباً تمام ٹی وی چینلز نے نمایاں انداز میں نشر کیے ہیں۔