پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں پولیس مقابلے میں آٹھ مبینہ شدت پسند ہلاک

Police

Police

ڈیرہ غازی خان (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں پولیس کے شعبہ انسداد دہشت گردی نے ایک مقابلے میں القاعدہ اور طالبان سے تعلق رکھنے والے 8 مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی یعنی پولیس کے شعبہ انسداد دہشت گردی کے ترجمان کے مطابق شدت پسندوں کے ساتھ مسلح مقابلہ ڈیرہ غازی خان کے تونمی روڑ پر ہوا جہاں مشتبہ شدت پسند اپنے ایک ٹھکانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور ان کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

لاہور سے صحافی عبدالناصر خان کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ عشرہ محرم سے پہلے انٹیلیجنس اداروں نے مطلع کیا تھا کہ شدت پسند محرم الحرام کے موقع پر شجاع آباد میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جس پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے شجاع آباد میں بڑے پیمانے پر کومبنگ آپریشن کیا، جس کی وجہ سے شدت پسند شجاع آباد میں اپنا ٹھکانہ نہ بنا سکے۔

ترجمان کے مطابق کومبنگ آپریشنز کے دوران معلوم ہوا کہ شدت پسند اپنا ٹھکانہ تبدیل کر کے ڈیرہ غازی خان منتقل ہوگئے جہاں سے انھوں نے حملوں کی دوبارہ منصوبہ بندی کی اور اس مرتبہ ان کا ہدف قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ان کے دفاتر تھے۔

لیکن خفیہ اداروں کو اس کی بھی اطلاع مل گئی اور انھیں معلوم ہو گیا کہ القاعدہ اور طالبان کے 11 شدت پسند ڈیرہ غازی خان کے تونمی روڑ پر ایک ٹھکانے میں موجود ہیں۔ جس پر سی ٹی ڈی پولیس ملتان کی ایک ٹیم نے شدت پسندوں کی گرفتاری کے لیے جمعرات کی رات تقریباً ساڑھے دس بجے ان کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔

پنجاب میں پولیس نے حالیہ مہینوں میں متعدد شدت پسندوں کو مقابلوں میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے
ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی پولیس نے شدت پسندوں کو ہتھیار پھینک کر خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا کہا لیکن شدت پسندوں نے چھاپہ مار ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی اور دستی بموں سے حملہ کر دیا۔

سی ٹی ڈی پولیس نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اپنے دفاع میں فائرنگ کی اور جب فائرنگ کا سلسلہ تھما تو جائے وقوعہ سے 8 شدت پسندوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ ان کے تین دیگر ساتھ فرار ہوگئے۔

ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی شناخت ابھی باقی ہے تاہم ان کے قبضے سے تین دستی بم، ایک خودکار رائفل اور چار پستول برآمد ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق فرار ہونے والے شدت پسندوں کی تلاش جاری ہے۔