پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا، حتمی اعلان

PSL Final

PSL Final

لاہور (جیوڈیسک) بے چین کرکٹ شائقین کا انتطار آخر کار ختم ہو گیا۔ پنجاب حکومت نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کروانے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے باقاعدہ طور پر منظوری دیدی۔ پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں 5 مارچ کو ہو گا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کیبنٹ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا جس میں تمام چیزوں پر غور کیا اور پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کی مشاورت سے کیا ہے۔ کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے گی۔ تمام ایجنسیاں ملکر سیکورٹی کو یقینی بنائیں گی۔

انہوں نے کہا فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات صرف لاہور میں نہیں پورے صوبے میں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا پی سی بی کے شیڈول کے مطابق ہی فائنل شروع ہو گا۔ فائنل میچ شام 4 بجے کے بعد ہو گا اور اختتامی تقریب بھی لاہور میں ہو گی جو رات 11 بجے تک مکمل ہو جائے گی۔

ادھر پی ایس ایل فائنل کے لیے پی سی بی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں سڑکوں کی مرمت کا کام بھی تیز کر دیا گیا ہے۔