پی ایس ایل، پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی

Peshawar Zalmi and Islamabad United

Peshawar Zalmi and Islamabad United

شارجہ (جیوڈیسک) شارجہ کے میدان میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں اِن ایکشن ہوئیں۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد حفیظ اور تمیم اقبال نے اننگز کا آغاز کیا۔ 36 کے مجموعی اسکور پر پشاور زلمی کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب محمد حفیظ مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد حفیظ نے 25 رنز جوڑے۔

دوسرے آؤٹ ہونیوالے کھلاڑی جم تھے اور انہوں نے 11 گیندوں پر 7 رنز بنائے۔ کامران اکمل کا بلا بھی آج رنز اگلنے میں ناکام رہا اور سعید اجمل کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ تمیم اقبال کی شاندار اننگز نے ٹیم کو فتح دلوائی اور وہ 80 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

آفریدی الیون نے مقررہ ہدف اٹھارہ اعشاریہ تین اوورز میں پورا کر لیا۔ اس سے پہلے پشاور زلمی کی دعوت پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ کی تھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے واٹسن اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ 27 رنز پر گری جب واٹسن محمد اصغر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

واٹسن مجموعی اسکور میں 19 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ شرجیل خان نے 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 22 گیندیں کھیل کر 28 رنز بنائے اور شان ٹیٹ کی گیند پر شاہد آفریدی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے تیسرے پویلین جانے والے کھلاڑی کپتان مصباح الحق تھے جہنوں نے مجموعی اسکور میں 32 رنز کا اضافہ کیا اور وہاب ریاض کی گیند پر شاہد آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

مصباح کے بعد آنے والی کھلاڑی رسل میدان میں آئے اور پھر چلتے بنے کوئی خاطر خواہ کھیل پیش نہیں کر سکے۔ 146 کے مجموعی اسکور پر پانچواں نقصان اسلام آباد یونائیٹڈ کو اٹھانا پڑا جب خالد لطیف وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ خالد لطیف 59 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ آصف علی کریز پر آئے اور بغیر کوئی رنز بنائے واپس پویلین کی راہ لی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 152 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی جانب سے محمد اصغر اور وہاب ریاض نے 2، 2 کھلاڑیوں جبکہ شان ٹیٹ اور جنید خان نے 1، 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔