تحریک انصاف کے 100 روزہ پلان پر ہنسی آئی: احسن اقبال

Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

اسلام آباد (جیوڈیسک) احسن اقبال کا کہنا ہے سیاست میں شعبدہ بازوں کی کمی نہیں، تحریک انصاف کے 100 روزہ پلان پر ہنسی آئی، نقل کیلئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، عمران خان بتائیں 90 دن کے منشور پر کیا عملدرآمد کرایا۔ انہوں نے کہا مسئلہ اگلے 100دن نہیں، پچھلے ایک ہزار 825 دن کا ہے، ہم نے اپنے مشور پر عملدرآمد کر لیا۔

تحریک انصاف کے 100 روزہ پلان کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا عوام نے 2013 میں تینوں سیاسی جماعتوں کو حکومت دی، ن لیگ پنجاب، پی ٹی آئی کے پی اور سندھ میں پیپلزپارٹی کو حکومت ملی، ہر جماعت اپنی کارکردگی عوام کی عدالت میں پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا 2013 میں توانائی، سیکیورٹی، معیشت اور سماجی شعبے کا منشور دیا، ن لیگ نے ثابت کیا کہ وہ کارکردگی کی صلاحیت رکھتی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا 10 ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی، معیشت میں 13 سال کے دوران سب سے تیز ترین ترقی کی ، ہم نے دہشتگردی کی لہر کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت سے پہلے ترقی کی شرح 3 فیصد تھی جو 5 فیصد تک پہنچ گئی، کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، جہاں امن بحال ہو چکا ہے ، ن لیگ نے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا، آج پاکستان 2013 کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہے، پاکستان ٹیک آف کی پوزیشن پر کھڑا ہے۔