تحریک انصاف کے جلسے کے لئے مینار پاکستان میں میدان سج گیا، لوگوں کی آمد

PTI

PTI

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف اسلام آباد اور کراچی کے بعد آج داتا کی نگری میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے اس کے لئے مینار پاکستان کے سائے تلے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تحریک انصاف کے جلسے کے لئے مینار پاکستان کے سائے تلے اسٹیج تیار کرلیا گیا ہے، 80 فٹ لمبے، 20 فٹ چوڑے اور 20 فٹ اونچے اسٹیج کے لئے 15 سے زائد کنٹینرز کو استعمال کیا گیا ہے۔ جلسے میں ہزاروں کرسیاں لگا دی گئی ہیں، پنڈال میں مختلف مقامات پر اسکرینیں نصب کی گئیں ہیں۔ جلسہ گاہ کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

اسٹیج کے بائیں جانب خواتین اور فیملیز کیلئے دو حصے مختص کئے گئے ہیں جبکہ مردوں کے لئے اسٹیج کی دائیں جانب کا حصہ مخصوص ہے۔ جلسہ گاہ میں داخل ہونے کےلئے 4 داخلی راستے رکھے گئے ہیں جہاں 8 واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ ميں ڈی جے بٹ کا 50 اسپیکرز پر مشتمل بڑا ساونڈ سسٹم لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جلسہ گاہ میں روشنی کے مناسب انتطامات کے لئے 500 بڑی لائٹس لگا دی گئی ہیں۔

جلسے میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت کے امکان کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان تیارکیا ہے۔ شہربھر میں ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لئے سی ٹی او کی زیر نگرانی 3 ایس پیز، 7 ڈی ایس پی ، 55 انسپکٹر اور 1500 ٹریفک وارڈنز تعینات کئے گئے ہیں۔

شہر میں علامہ اقبال روڈ کی جانب سے آنے والے شرکا ریلوے اسٹیشن کا راستہ استعمال کررہے ہیں۔ فیروز پور روڈ ، جیل روڈ اور مال روڈ سے آنے والے شرکا ضلع کچہری سے آزادی فلائی اوور کے نیچے سے مینار پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ شہر سے آنے والے شرکا اپنی گاڑیاں محکمہ جنگلات کالونی سے ملحقہ پارکنگ میں پارک کرکے گیٹ نمبر ایک سے داخل ہو رہے ہیں۔

گجرات، گوجرانوالہ سمیت جی ٹی روڈ سے جلسے کے شرکا شاہدرہ چوک نیو راوی پل سے مینار پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سرگودھا ، فیصل آباد اور شیخوپورہ کی جانب سے آنے والے لوگ سگیاں پل کا راستہ استعمال کرتے ہوئے براستہ راوی روڈ جلسہ گاہ آرہے ہیں۔

ساہیوال ، اوکاڑہ اور ملتان سے آنے والے شرکا ٹھوکر نیاز بیگ سے شہر میں داخل ہوکر بابو صابو انٹرچینج سے مینار پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ یہ تمام شرکا کی گاڑیوں کو گڈی گراؤنڈ میں پارک کرکے گیٹ نمبر دو سے جلسہ گاہ میں داخل ہوں گے۔