پی ٹی آئی پر مفاد پرست ٹولے کا قبضہ ہے، جسٹس (ر) وجیہہ الدین

Wajih Alauddin

Wajih Alauddin

حیدرآباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جسٹس رٹائرڈ وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جیسی جماعت میں بھی انصاف نہیں ہے، پارٹی پرمفاد پرست ٹولے کا قبضہ ہے۔

عمران خان سے مطمئن ہوں لیکن قبضہ ٹولے سے مطمئن نہیں ہوں، پارٹی میں چھوٹے لوگوں کی آوازیں نہیں سنی جارہی ہیں، میری شناخت پی ٹی آئی نہیں ہے بلکہ پی ٹی آئی کی شناخت میں ہوں۔ یہ بات انھوں نے حیدرآباد میں مہران آرٹس کونسل میں انصاف ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب اور میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کاکہنا تھا کہ ملک کے حالات بہترنہیں ہیں، پارٹی چھوڑنے سے جاوید ہاشمی کوروکا جانا چاہیے تھا کیونکہ وہ پارٹی میں ایک متوازن آواز تھے۔

ملک میں آج تک غیرمتنازع انتخابات نہیں ہوئے ہیں،حالیہ انتخابات کے سلسلے میں بننے والے جوڈیشل کمیشن کے فیصلے میں سقم موجود ہیں۔انھوں نے کہاکہ عوام بیدارہوجائیں اوراپنے بہتر مستقبل کے لیے اچھے اور برے میں تمیز کریں۔ انھوں نے پارٹی میں قبضہ خورگروپ کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پرانا عمران خان ان کودے دیں اور نیا عمران خان آپ رکھ لیں۔

اگرپارٹی میں ایماندارانہ الیکشن ہوجائیں توپی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جمہوری پارٹی بن جائے گی۔ تقریب سے انصاف ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین اعجاز نوناری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔