پی ٹی وی کے ملازمین بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں، عطاءالحق قاسمی

PTV

PTV

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیلی ویثرن کے چیئر مین عطا ء الحق قاسمی کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی کے ملازمین بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں جنہیں بروئے کا ر لاکر ایک مرتبہ پھر قومی چینل کو ایک مرتبہ پھر عوام میں مقبول بنادینگے۔پی ٹی وی اپنی پروڈکشن کو اہمیت دے گا جس کیلئے نئے آئیڈیاز بھیجے جارہے ہیں تاکہ ناظرین ہمارے بنائے گئے ڈرامے اور دیگر پروگرامز شوق سے دیکھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے کراچی مرکز کے دورے پر ملازمین سے خصوصی گفتگو میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔قومی چینل بہت جلد بچوں کے پروگرامز نشر کرے گا اس کے علاوہ خبر نامے میں 5 منٹس مختص کئے گئے ہیں جس میں شہر کے مختلف ثقافتی ،ادبی تقریبات کی خبریں پیش کی جائیں گی ۔عطاء الحق قاسمی نے مزید کہا کہ ایک علیحد ہ میوزیکل چینل بھی شروع کیا جارہا ہے جس پر کام جاری ہے۔

اس موقع پر تمام حاضرین نے چیئرمین پی ٹی وی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میٹنگ میں شریک آرٹسٹوں نے پروگرامز کی مد میں پی ٹی وی سے رقم کی کم ادائیگی پر چیئرمین سے درخواست کی کہ موجودہ فیس کی مد میں مزید اضافہ کیا جائے اور رقم کی ادائیگی جلد کردی جائے ۔کراچی مرکز میں پہلے دورے کے موقع پر جنرل منیجر محمد امین میمن ،ایگزیکٹو پروگرام منیجر شجاعت اللہ ،میڈیا ریلیشنز آفیسر شکیل احمد اور دیگر شعبوں کے سربراہان اور مشعل یونین کے عہدیداران اور کارکنان نے ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔