بجلی بل پر پی ٹی وی فیس کی وصولی، فریقین کے وکلا بحث کیلئے طلب

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں پہ پی ٹی وی کی فیس وصولی کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار شیراز ذکاء نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملک میں ایسا کوئی قانون ہی موجود نہیں جس کے تحت پی ٹی وی بجلی کے بلوں پر ٹیکس وصول کرنے کا اختیار رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی غیر قانونی طور پر فی گھرانہ پینتیس روپے فیس وصول کر رہا ہے۔

پی ٹی وی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ٹی وی 1970کے ٹیلی گراف اینڈ وائرلیس ایکٹ کے تحت ٹی وی کی فیس وصول کرنے کا مکمل اختیار رکھتا ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ 1970میں نہ تو نجی چینلز موجود تھے ، نہ ہی موبائل ، لیپ ٹاپ اور آئی پیڈ موجود تھے ، عدالت اس بات کا جائزہ لینے کا اختیار رکھتی ہے کہ 1970 کے پرانے قوانین کا 2006 میں اطلاق کیا جا سکتا ہے یا نہیں ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت بیس ستمبر تک ملتوی کر دی۔