عوامی شکایات کے ازالے اور بلدیاتی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لئے شکایتی مراکز کو فعال بنایا جائے۔ نشاط ضیاء قادری

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ متوقع برسات کے پیش نظر بلدیاتی ادارے دوران برسات عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے الرٹ رہیں ،عوامی شکایات کے ازالے اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے یونین کونسل کی سطح پر شکایتی مراکز کو فعال کیا جائے تاکہ علاقائی مسائل اور عوام کو درپیش بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو اُن کی دہلیز پر فراہمی کو ممکن بنا یا جاسکے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے تحت رین ایمرجنسی کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے شاہ فیصل زون مرکزی آفس میں قائم دوران برسات عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے کسی بھی ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لئے قائم شاہ فیصل زون مرکزی رین ایمرجنسی سینٹر کا بھی معائنہ کیا انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شکایاتی مراکز کا قیام ہر یونین کونسل میں کیا جائے تاکہ عوام کو اپنے علاقائی مسائل کے لئے ریلیف حاصل ہوسکے علاقائی سطح پر مسائل سے پاک ماحول کا قیام یقینی بنایا جا سکے اس موقع پر شاہ فیصل زون کی جانب سے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کو متوقع برساتی صورتحال سے نمٹنے اور دوران برسات عوام کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے ترتیب دیئے گئے رین ایمرجنسی پلان پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ایڈمنسٹریٹر و میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کی ہدایت پر شاہ فیصل زون کے تحت رین ایمرجنسی کا نفاذ کرکے تمام محکموں کے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں۔

شاہ فیصل زون کے مرکزی آفس میں رین ایمرجنسی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو دوران برسات 24گھنٹے فعال رہے گا دوران برسات عوام اپنے علاقائی مسائل کے حل کے لئے مرکزی رین ایمرجنسی سینٹر کے فون نمبر99248647-99238820 پر اپنی شکایات درج کراسکتیں ہے بریفنگ میں بتایا گیا کہ برساتی نالوں اور سیوریج سسٹم کی درستگی کو یقینی بنا نے کے لئے واٹر سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون کے ذریعے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ برسات کے دوران کسی بھی ناگہانی صورتحال میں عوام کو محفوظ مقامات پر منتقلی کے لئے عارضی ریلیف کیمپ ،ایمرجنسی میڈیکل ایڈ کیمپ کا قیام بھی یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں اور سیوریج سسٹم کی مکمل نگرانی کی جائے، سیوریج کے کھلے مین ہولز کو فوری کوورز کئے جائیں۔