عوام شیر کو اتنے ووٹ ڈالیں کہ بلے والے پھر ادھر نہ آئیں: حمزہ شہباز

 Hamza Shahbaz

Hamza Shahbaz

وزیر آباد (جیوڈیسک) ضمنی انتخابی معرکے میں ن لیگ نے وزیر آباد میں میدان لگایا اور خوب عوامی زور دکھایا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز مخالفین پر خوب برسے۔ انہوں نے کپتان کو مخاطب کیا اور ترقی میں رکاوٹ بننے کا طعنہ پھر سے دیا۔ انہوں نے عمران خان کو لیڈر بننے کے گر بھی سکھائے۔

اگلے اڑھائی برس ملک کے لئے انتہائی قیمتی قرار دیتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے کینسر کو ختم کر دیں گے، دو ہزار اٹھارہ تک لوڈ شیڈنگ کا نام و نشان بھی نہیں رہے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بائیس مارچ کو شیر پر اتنی مہریں لگائیں کہ بلے والے واپس نہ آئیں۔
حمزہ شہباز نیب پر بھی خوب برسے، بولے، مشرف کے کہنے پر ماضی میں بھی کارروائیاں ہوئیں، لیکن ایک بھی ثبوت نہیں ملا۔