عوامی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے کراچی والنٹیئر ویلفیئر ایسوسی ایشن متحرک

Chikungunya

Chikungunya

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع ملیر میں پھیلنے والی پر اسرا بیماری سے عوامی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے کراچی والنٹیئر ویلفیئر ایسوسی ایشن متحرک ہوگئی ،ڈاکٹر رشید زمان نے اپنے کارکنان کو مرض سے متعلق اور احتیاطی تدابیر سے آگاہی کے لئے میدان میں اتار دیئے۔

ڈاکٹر حنیف اللہ ،ڈاکٹر افسر سعید،ڈاکٹر صاحبزادہ ،ڈاکٹر نیلو فر ،ڈاکٹر عظمیٰ رانی ،حارث صوابی اور سہیل اختر کا مرض سے آگاہی اور احتیاطی تدابیر سے عوامی شعور کی بیداری کے لئے ضلع ملیر کے دیہی علاقوں کے علاقائی دورے شیر پائو کالونی ،دائود گوٹھ ،کوہی گوٹھ ،غریب آباد ،ملیر 15،بختاور گوٹھ ،مسلم آباد بلال کالونی انڈسٹریل ایریا سمیت مختلف علاقوںمیں عوامی رابطہ مہم کے ذریعے ملیر میں پھیلنے والی بیماری اور اس سے بچائو سے متعلق عوام کو آگاہی فراہم کی۔

اس حوالے سے کراچی والنٹیئر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے ضلع ملیر کے تمام گوٹھ میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں ،کراچی والنٹیئر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر رشید زمان نے کہاکہ مرض سے متعلق مکمل آگاہی اور احتیاطی تدابیر اپنا کر ہم مرض سے بچ سکتے ہیں چکن گونیا وائرس سے ضلع ملیر کے گوٹھوں میں پھیلنے والے مرض سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ہزاروں افراد اس مرض سے متاثر ہوچکے ہیں۔

سرکاری و نجی ہسپتالوں میں روزانہ ہزاروں افراد مرض میں مبتلا ہوکر پہنچ رہے ہیں ایسے صورتحال میں کراچی والنٹیئر ویلفیئر ایسوسی ایشن نے عوامی کاز کو مد نظر رکھتے ہوئے نہ صرف عوام میں آگاہی بلکہ احتیاطی تدابیر سے عوامی شعور کی بیداری مہم کا آغاز کرکھا ہے۔

ڈاکٹر رشید زمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں مکھی اور مچھروں کی افزائش کی روک تھام کے لئے موثر انتظام کریں انہوں نے سماجی تنظیموں سے بھی اپیل کی ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کی مدد کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

عوامی زندگیوں کی بحالی میں حکومتی اداروں کی مدد کے ساتھ عوام کو مصیبت سے نکالنے میں اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائیں۔