پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہائی اور ہائیر سیکنڈری کلاسز کے لئے نیا بلاک تعمیر کیا جائے گا، لیاقت علی چٹھہ

Liaquat Ali Chatha

Liaquat Ali Chatha

گجرات (عثمان طیب سے) گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول ٹھوٹھہ رائے بہادر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہائی اور ہائیر سیکنڈری کلاسز کے لئے نیا بلاک تعمیر کیا جائے گا، ضلعی حکومت منصوبے کیلئے 5لاکھ روپے، این ایس بی فنڈز کے تحت دولاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے سکول میں بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف، ڈی او بلڈنگز محمد شریف، بریگیڈیر (ر) راجہ وقار ، پرنسپل و دیگر اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے سکول کے دو اساتذہ کی طرف سے ادارے سے محض چند سو میٹر کے فاصلے پر پرائیویٹ سکول قائم کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دونوں کو فوری طور پر سکول سے ٹرانسفر کرنے کی ہدایت کی۔

انہوںنے کہا کہ سکول کی موجودہ عمارت دس کمروں پر مشتمل ہے جو کہ طالبات کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ناکافی ہے ، اہل دیہہ نے سکول کیلئے 24کنال اراضی مختص کرکے محکمہ تعلیم کے نام ٹرانسفر کردی ہے جو کہ نہایت مستحسن اقدام ہے ، جبکہ نئی عمارت کی تعمیر بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کی جائے گی، ضلعی حکومت منصوبہ کیلئے 5لاکھ روپے فراہم کرے گی۔

این ایس بی فنڈز کے دو لاکھ روپے بھی اسی مقصد کیلئے استعمال کئے جائیں گے جبکہ باقی وسائل اہل گائوں اپنی مدد آپ کے تحت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت نئے بلاک کی تعمیر کے لئے سات لاکھ روپے فراہم کرنے کے ساتھ نئے بلاک کی چار دیواری ،ٹائلٹ بلاک اور بجلی کنکشن کے اخراجات بھی برداشت کرے گی۔

ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ضلع گجرات میں اس سے قبل بھی ایک سو سے زائد تعلیمی اداروں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سہولیات فراہم کی جاچکی ہیں اور متعدد کو اپ گریڈ بھی کیا گیا ہے، حال ہی میں سروس گروپ کے چوہدری احمد سعید کی طرف سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گندرا میں ہائی سکول بلاک کی تعمیر اسکی مثال ہے۔

بریگیڈئر (ر) راجہ وقار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طالبات کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوٹھہ رائے بہادر کے صاحب ثروت اور مخیر حضرات اپنا بھرپور حصہ ڈالیں گے اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کا نیا بلاک جلد تعمیر ہوگا۔