پنجاب میں کارروائی ہوئی تو نیب قانون میں ترمیم کا خیال آ گیا، خورشید شاہ برس پڑے

Khurshid Shah

Khurshid Shah

لاہور (جیوڈیسک) یوم حمید نظامی کی تقریب میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط اپوزیشن مضبوط جمہوریت کے لئے ہے، کمزور پارلیمنٹ سے کمزور جمہوریت جنم لیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ذرا دیر سے سوچتے ہیں، پی پی پی نے تو 2008ء میں نیب ختم کر کے کرپشن کے خلاف پارلیمانی کمیشن بنانے کی تجویز دی تھی، لیکن جب تک نیب چھوٹے صوبوں اور چھوٹے لوگوں کے خلاف کارروائی کرتی رہی تو نیب اچھی تھی، اب انہوں نے غلطی سے پنجاب کے لوگوں پر ہاتھ ڈالا تو نیب بری لگنے لگی۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ پنجاب کے لوگ تو مقدس گائے ہیں، کرپشن صرف چھوٹے صوبوں کے لوگ کرتے ہیں، ہمیں تاریخ سے سبق لینا ہو گا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ جب تک رینجرز سندھ میں کارروائی کرتی رہی تو بہت اچھی تھی، اب اس نے پنجاب میں دہشت گردوں کی نرسریوں کے خلاف کارروائی کا اشارہ دیا ہے تو تکلیف ہو رہی ہے۔

اپوزیشن لیٖڈر نے مزید کہا کہ ہمیں میٹرو اور اورنج ٹرین پر کوئی اعتراض نہیں لیکن اگر ان پیسوں سے بڑے سکول اور اسپتال بنتے تو عوام کا زیادہ فائدہ ہوتا۔

تقریب میں حکومت پنجاب کے ترجمان زعیم قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر مہذب معاشرے میں قومی معاملات پر اپوزیشن فرینڈلی ہوتی ہے اور ایک ہی سوچ کے تحت کام کیا جاتا ہے۔