پنجاب میں ساٹھ سے نوے دن کیلئے رینجرز بلانے کی سفارش، سمری گورنر کو ارسال

Rangers

Rangers

لاہور (جیوڈیسک) ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے بعد پنجاب حکومت کا بڑا اقدام کر لیا۔ دہشتگردوں، سہولت کاروں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن میں رینجرز کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب میں کہیں بھی ٹارگٹڈ آپریشن کے لیے رینجرز کو ضرورت کے تحت بلایا جا سکے گا۔ سمری کے تحت سی ٹی ڈی رینجرز کے ماتحت ہو گی اور انسداد دہشت گردی فورس رینجرز کی مدد کرے گی۔ تمام آپریشنز خفیہ رکھے جائیں گے۔

ابتدائی طور پر ساٹھ سے نوے روز کے لیے رینجرز کو بلایا جائے گا۔ سمری گورنر پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے اور مشاورت کے بعد وفاقی حکومت کو خط لکھا جائیگا جبکہ ٹی او آرز کے معاملات اپیکس کمیٹی ہی طے کریگی۔ لاہور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی کئی بڑے فیصلے کئے گئے۔

دہشتگردوں اور ان کے ساتھیوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ، سہولت کاروں کو “جیٹ بلیک” دہشت گرد سمجھائے گا اور پناہ دینے والے بھی نہیں بچیں گے۔ خودکش جیکٹس اور بارودی مواد کے ساتھ پکڑے جانے والے دہشت گردوں کو موقع پر گولی مارنے کی ہدایت کر دی گئی۔

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں افغان مہاجرین کی غیر قانونی نقل و حرکت روکنے اور سرحدی اضلاع کی کڑی نگرانی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔