پنجاب میں دھند کے ڈیرے، حادثات میں 10 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

Punjab Accidents

Punjab Accidents

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 10افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، خانیوال ملتان روڈ پر کینولا آئل سے بھرا ٹینکر الٹ گیا۔

تفصیلات کے مطابق چوک اعظم میں دھند کے باعث حادثہ پیش آیا جہاں ٹرک نے رکشہ کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اٹک میں بھی دھند کے باعث ڈمپر الٹ گیا جس سے 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

شیخوپورہ روڈ پر مسافر وین اور بس میں تصادم سے 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شجاع آباد میں کار اور ٹرک میں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے جبکہ خانیوال ملتان روڈ پر کینولا آئل سے بھرا ٹینکر الٹ گیا، حادثے کے باعث سیکڑوں لیٹر آئل بہہ گیا۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح کے وقت دھند چھائی رہی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی، دھند کے باعث موٹروے کے مختلف سیکشن کو بھی بند کیا گیا۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ لاہور میں دھند اور سموگ شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے، لوگ تیزی سے گلے اور آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

ادھر قصور، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، ساہیوال، ملتان سمیت دیگر شہروں میں بھی دھند اور سموگ کی شدت کم نہ ہوسکی جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں دھند اور سموگ کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا، بارش کا دور دور تک کوئی امکان نہیں۔