پنجاب حکومت مجرموں کو جلد گرفتار کرے، خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

لاہور (جیوڈیسک) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنما بابر بٹ کا قتل افسوسناک واقعہ ہے، انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پنجاب میں یکے بعد دیگرے سیاسی مخالفین کے خلاف کاروائیاں کی جا رہی ہیں جبکہ قاتلوں و حملہ آوروں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جارہا۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا پر حملہ کرنے والے ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ قاتلوں اور حملہ آوروں کو فوری پکڑا جائے ورنہ ان حملوں کو سیاسی دہشت گردی سمجھا جائے گا اور سیاسی دہشت گردی سے سوائے سیاسی نقصان کے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ہمیں اس طرح کی بزدلانہ وارداتوں سے ڈرانا چاہتا ہے تو وہ یاد رکھے کہ پیپلز پارٹی نے پھانسی، کوڑوں، جیلوں اور شہادتوں کی راہ سے گزر کر ملک میں جمہوریت قائم کی ہے اور وہ جمہوریت کو آمرانہ انداز رکھنے والوں کے ہاتھوں پامال نہیں ہونے دیں گے۔