پنجاب کے غریب عوام کا بدترین استحصال کیا جا رہا ہے۔ سولنگی اتحاد

Poverty

Poverty

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انتخابات سے قبل عوام کو پر فریب نعروں کے ذریعے عوام کو سہانے خواب دکھانے والے عوام کے منتخب کردہ اراکین پارلیمنٹ و حکمران اقتدار پانے کے بعد عوام سے کس قدر وفادار و مخلص رہتے ہیں ان کا اظہار حکمرانوں کے رویئے ‘ مراعات ‘ آسائشات ‘ تعیشات ‘ باڈی گارڈز اور حکومتی پالیسیوں و عوام کو فراہم کردہ سہولیات سے ہو جاتا ہے۔

جبکہ عصر حاضر میں ملکی صورتحال و عوامی حالت و حالات موجودہ حکمرانوں و منتخب نمائندوں کی عوام دوستی کا مظہر ہے۔ پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر رہنما امیر سولنگی ‘ سردار اکر م سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی و دیگر نے پنجاب اسمبلی کے اراکین کی جانب سے اپنی تنخواہوں ومراعات میں 100 فیصد اضافے کے بل کی منظوری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی بحرا ن کے حل اور مہنگائی ‘ بیروزگاری و غربت سے عوام کو نجات دلانے میں ناکامی کے ساتھ صحت و تعلیم اور زندگی گزارنے کی بنیادی سہولیات کے ساتھ امن و تحفظ کی فراہمی میں ناکام حکمرانوں و اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں و مراعات میں 100 فیصد اضافہ عوام کی گردنوں پر چھری چلانے کے مترادف ہے۔

اسلئے اس بل کو کالعدم قرار دیکر ان سے تمام مراعات واپس لی جائیں یا پھر سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات میں بھی اراکین اسمبلی کے جتنا اضافہ کیا جائے۔