پنجاب کی مختلف جیلوں میں قتل کے 4 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، 2 کی پھانسی ٹل گئی

Hanging

Hanging

بہاولپور (جیوڈیسک) پنجاب کی مختلف جیلوں میں قتل کے 4 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا جبکہ صلح کے بعد 2 مجرموں کی پھانسی ٹل گئی۔

بہاولپور میں مجرم فیاض کو پھانسی دی گئی جس نے انیس سو ستانوے میں اپنے ہونے والے داماد کو نکاح سے کچھ دیر قبل قتل کر دیا تھا۔

ایڈشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لودھراں محمد عارف سیال کی عدالت نے مجرم فیاض کو 1997 سزائے موت کا حکم سنایا تھا جس پر اٹھارہ سال بعد آج عملدرآمد ہو گیا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ڈسٹرکٹ جیل میں قتل کے مجرم قمرالزماں کو تختہ دار پر لٹکایا گیا جس نے 2001 ء میں محمد اقبال کو قتل کیا تھا ، ڈیرہ غازی خان میں دوہرے قتل کا مجرم سیف 19 سال بعد اپنے انجام کو پہنچ گیا۔

مجرم سیف نے 1996 میں غیرت کے نام پر بیوی سمیت 2 افراد کو قتل کیا تھا ۔ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے مجرم منیر کو پھانسی دی گئی ہے۔

جسے 2003 میں سزائے موت کا حکم سنایا گیا تھا جبکہ قتل کے 2 مجرموں کی پھانسی پر عملدرآمد صلح کے بعد روک دیا گیا۔